پنجاب میں دھرنا دینے والے اکالی اور عآپ رہنماوں کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے تحت مقدمات کی ہدایات
وزیر اعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے پیر کے روز ریاستی پولیس کے سربراہ (ڈی جی پی) کو ہدایت دی کہ گذشتہ چند دنوں سے ریاست میں دھرنا دے رہے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ قانون کے تحت کیس درج کئے جائیں ۔شرومنی اکالی دل اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کی اس طرح کی سرگرمیوں کو غیر ذمہ دارانہ اور وبا کے پھیلاو کے مدنظر سخت پابندیوں کی شدید خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ڈی جی پی دنکر گپتا کو کہا کہ اس قانون کے تحت ایسے رہناوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔
آج اکالی دل کی جانب سے کورونا ویکسین کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق ریاستی وزیر صحت کی رہائش گاہ کے سامنے دیئے گئے دھرنے اور اسی مسئلے پر عام آدمی پارٹی کی جانب سے بھی ایک دن قبل دھرنا دیا گیاتھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایسے وقت میں جب لوگ شادیوں اور آخری رسومات کے لئے بھی جمع نہیں ہوسکتے ہیں ، ان پارٹیوں کے قائدین اور کارکنوں کے من مانی سلوک سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں ریاست کے لوگوں کی صحت کی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا سلوک قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عآپ کے کل کے دھرنے کو ریاست میں لاگو ویکنڈ کرفیو کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ، کیپٹن امریندر نے کہا کہ اس طرح کے دھرنے اور سیاسی اجتماعات وباکےبڑے پیمانے پر پھیلاوکی وجہ بنتے ہیں اور اس کے ساتھ سختی سے نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے ڈی جی پی کو کہا کہ قانون کو اپنا کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تئیں سیاسی قائدین کی بہت بڑی ذمہ داری ہے ، جسے ان پارٹیوں نے ترک کردیا۔ اس کی وجہ سے پنجاب کے عوام کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اب یہ وقت سیاسی کھیل کھیلنے اور ناقص سیاسی حکمت عملی اپنانے کا نہیں ، بلکہ اس وبائی بیماری کے خلاف مل کر لڑنے کا وقت ہے۔
وزیراعلیٰ نے وبا کی دوسری لہر کی روک تھام کے لیے پابندیاں عائد کرنے سے قبل ہی انہوں نے اعلان کیا تھا کہ حکمراں کانگریس پنجاب میں کوئی سیاسی اجلاس نہیں کرے گی۔