وزیراعلیٰ نے وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ سے تبادلہ خیال کیا
مہاراشٹرا میں گزشتہ چار دن سے جاری بارش کی وجہ سے کئی اضلاع میں صورت حال خراب ہوگئی ہے۔ دریں اثنا ریاست کے متعدد اضلاع میں زمین کے تودے کھسکنے کے واقعات میں اب تک 52 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔ جمعہ کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے مرکز سے مدد کی اپیل کی۔
انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس سے قبل جمعرات کو، ٹھاکرے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر اعلی ٹھاکرے نے ریاست میں پیدا ہونے والے بحران کے پیش نظر ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے پہاڑی علاقوں میں خطرناک مقامات پر رہنے والوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا حکم دیا۔وزیر اعلی ٰنے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے کل وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ سے بات کی اور مطالبہ کیا کہ ریاست میں تمام ضروری سہولیات مہیا کی جائیں۔ وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ نے ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔