ایران کے جملہ مسائل کے لیے سعودی عرب کومورد الزام ٹھہرانے پروزیرخارجہ عادل الجبیرکاردعمل

ریاض ،2دسمبر(انڈیا نیرٹیو)

ایرانی جوہری سائنس دان محسن فخری زادہ کے قتل کے حالیہ واقعہ پر سعودی عرب کی جانب انگلی اٹھنے کے بعد سعودی عرب کے وزیرِمملکت برائے امورِخارجہ عادل الجبیر نے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کے اس تازہ بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور ان پر واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کسی کو قتل کرنے کی منظوری نہیں دیتا ہے۔جواد ظریف نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں سعودی عرب کو ایران کے جملہ مسائل کے لیے مورد الزام ٹھہرایاہے ۔

عادل الجبیر نے ان کے بیان کے ردعمل میں ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ”بظاہر مایوسی نے مسٹر جواد ظریف کو ایران میں جو کچھ رونما ہورہا ہے،اس کا سعودی عرب کو موجب قرار دینے پر مجبور کیا ہے۔“

جواد ظریف نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ” (امریکی وزیر خارجہ)پومپیو کا خطے کا حالیہ دورہ ، سعودی عرب میں سہ فریقی ملاقات اور نیتن یاہو کے بیانات،یہ تمام تانے بانے اس سازش کی نشان دہی کرتے ہیں جو بدقسمتی سے گزشتہ جمعہ کو دہشت گردی کے بزدلانہ حملے کی صورت میں رونما ہوئی تھی اور اس کے نتیجے میں ملک کے ایک سرکردہ منتظم کی شہادت ہوئی ہے۔“