Urdu News

مدھیہ پردیش میں ژالہ باری سے کئی اضلاع میں فصل تباہ، آج بھی راحت کی کوئی امید نہیں

مدھیہ پردیش میں ژالہ باری

بھوپال، 20 مارچ (انڈیا نیرٹیو)

 مدھیہ پردیش میں گزشتہ ایک ہفتے سے موسلادھار بارش، گرج چمک اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کو کئی اضلاع میں بیر کی شکل کے اولے گرے۔ گوالیار-چمبل ڈویژن، بندیل کھنڈ، مالوا-نماڑ، مہاکوشال اور وندھیا خطہ میں ژالہ باری کے ساتھ زبردست بارش ہوئی ہے ۔ گوالیار کے مندسور، ڈنڈوری، کھرگون، رائسین، آگر مالوا، شیو پوری، گھاٹی گاؤں میں اولے پڑنے سے سڑکوں پر برف کی چادر پھیل گئی۔ اس کی وجہ سے کھیتوں میں کھڑی گیہوں، چنے اور سرسوں کی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو بھی موسم ایسا ہی رہنے کا امکان ہے۔

مارچ کے مہینے میں دو بار تیز بارش،ژالہ باری اور گرج چمک کاسسٹمبن چکا ہے۔ مارچ کے پہلے ہی ہفتے میں 25 سے زائد اضلاع میں فصلیں تباہ ہو گئی تھیں۔ حکومت فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا سروے بھی کر رہی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے خراب موسمیاتی سسٹم کی وجہ سے  گندم، چنے اور سرسوں کی فصلیں متاثر ہو رہی ہیں۔

 محکمہ نے پیر کو بھی ریاست میں ایسے ہی موسمی حالات رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق، پیر کو راجدھانی بھوپال، اندور، جبل پور اور اجین میں موسم تبدیل رہے گا۔ وہیں گوالیار، چمبل، ریوا اور ساگر ڈویژن میں آسمانی بجلی گرنے اور تیز بارش کا امکان ہے۔ یہاں تیز ہوا چلے گی اور بارش ہو سکتی ہے۔ ہوا کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہنے کا امکان ہے۔

بھوپال میں دن بھر بادل چھائے رہے۔ اسی دوران دیر شام تقریباً ساڑھے سات بجے موسلادھار بارش شروع ہوئی جو ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ اس سے پہلے ہفتہ کو بھوپال میں زبردست ژالہ باری ہوئی اورخوب بارش بھی ہوئی تھی۔

Recommended