Urdu News

ممبئی سمیت آس پاس کے علاقوں موسلادھار بارش، معمولات زندگی درہم برہم

ممبئی سمیت آس پاس کے علاقوں موسلادھار بارش

ممبئی،8 ستمبر (اندیا نیرٹیو)

 ممبئی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بدھ کی دیر رات سے ہو رہی موسلادھار بارش کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج ممبئی کے ساتھ تھانے، نوی ممبئی، رائے گڑھ کے علاقوں میں اگلے ایک ہفتے تک موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

اس کے پیش نظر جمعہ سے اتوار تک تین دنوں کے لیے ”ایلو الرٹ“ جاری کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر کے کئی اضلاع میں بارش کے پیش نظر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے تمام ضلع مجسٹریٹ کو فوری مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

ممبئی میونسپل کارپوریشن کے مطابق، ممبئی کے سی ایس ایم ٹی علاقے مالابار ہل میں 17 ملی میٹر، مشرقی مضافاتی علاقے ملنڈ میں 28 ملی میٹر، بھانڈپلا میں 27 ملی میٹر، وکرولی میں 26 ملی میٹر، گوانپاڑا میں 22 ملی میٹر، مغربی مضافاتی علاقے اندھیری میں 11 ملی میٹر، مرول میں 9 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔

بارش کی وجہ سے اندھیری سب وے، میلن سب وے میں پانی بھر گیا ہے۔ اسی طرح سائن سرکل اور کنگ سرکل، دھاراوی، کانجر مارگ، ودیا وہار وغیرہ جیسے علاقے بھی پانی میں ڈوب گئے ہیں۔

ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اہلکار پمپنگ کے ذریعے پانی نکال رہے ہیں۔ نوی ممبئی اور تھانے میں بھی بارش سے کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ اس کی وجہ سے تھانے-بیلا پور، سائن-پنویل سڑک پر نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔

تھانے میں 68.33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران دیوا میں بجلی کی سپلائی کچھ دیر کے لیے منقطع رہی۔ کونکن علاقے کے رتناگیری، رائے گڑھ، سندھو درگ اضلاع میں شدید بارش کی وجہ سے پانی جمع ہونے کی اطلاع ہے۔

Recommended