Urdu News

ہماچل پردیش: مئی میں سردی سے کانپ رہے ہیں لوگ، پہاڑ وں میں برفباری

ہماچل پردیش میں بارش کا ایک نظارہ

ہماچل پردیش میں غیر موسمی بارش، ژالہ باری اور برفباری نے موسم کا مزاج تبدیل کردیا ہے۔ پہاڑی علاقوں سے ریاست کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت گر گیا ہے۔ قبائلی علاقوں میں گزشتہ چار پانچ روز سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ میدانی اور درمیانی  پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔

ایسے موسمی حالات کی وجہ سے سیاحوں کو شملہ، منالی اور ڈلہوزی جیسے مشہور پہاڑی مقامات پر سردی سے بچنے کے لیے گرم کپڑوں کا سہارا لینا پڑرہا ہے۔ وہیں بلاس پور، ہمیر پور اور اونا کے میدانی اضلاع میں گرمی کا کوئی نام و نشان نہیں ہے اور موسم سرد ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق آئندہ تین روز تک موسم صاف رہے گا۔ 13 مئی سے بارش اور برف باری کے حوالے سے ایک بار پھر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قبائلی علاقوں ہنسا میں 20 ، کیلونگ میں 12 سینٹی میٹر، گونڈلا میں 11 سینٹی میٹر اور کلپا میں 4 سینٹی میٹر برفباری ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ بھرمور میں 23 ملی میٹر، کوٹھی اور جبل میں 20 ملی میٹر بارش ہوئی۔ چوپال اور ریکانگ پیو میں 19-19 ملی میٹر، منالی اور کسولی میں 17-17 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ راجدھانی شملہ میں منگل کی سہ پہر موسلا دھار بارش ہوئی جس سے یہاں موسم سرد ہوگیا۔

بارش اور برفباری کی وجہ سے ریاست کے بیشتر مقامات پر پارہ منفی میں رہا۔ لاہول اسپتی میں، کیلونگ میں کم سے کم درجہ حرارت -2.6 ڈگری، کوکمسیری میں -0.7 ڈگری، کلپا میں 0.5 ڈگری، نارکنڈہ میں 1.9 ڈگری، ریکانگ پیو میں 3.4 ڈگری، کفری میں 4.5 ڈگری، منالی وغیرہ میں سردی خوب ہے۔

Recommended