مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے کئی چھوٹے بڑے لیڈر پارٹی چھوڑ کر ترنمول میں شامل ہو چکے ہیں۔ اب مرکزی وزارت داخلہ نے ایم پی سنیل منڈل، ایم ایل اے اشوک ڈینڈا اور ایم ایل اے ارندم بھٹاچاریہ کی مرکزی سیکورٹی واپس لے لی ہے۔ اس سے کئی دوسرے لوگوں کے ترنمول میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔
سابق مرکزی وزیر بابل سپریو کے ترنمول میں شامل ہونے کے بعد اب کئی دیگر ایم ایل اے کے بھی ترنمول میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں ہیں۔ ایک دن پہلے مغربی بنگال کے وزیر صنعت اور ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری پارتھ چٹرجی نے دعویٰ کیا تھا کہ 10 بی جے پی ایم ایل اے جلد پارٹی چھوڑ دیں گے۔ اس کے بعد ہی مرکزی وزارت داخلہ کی یہ ہدایت آئی ہے۔
واضح ہو کہ جب سے مکل رائے نے بی جے پی چھوڑی ہے، بی جے پی لیڈر مسلسل پارٹی چھوڑ کر ترنمول میں شامل ہو رہے ہیں۔ انتخابات سے قبل ترنمول چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے رکن اسمبلی سنیل منڈل بھی ترنمول میں واپس آ گئے ہیں۔چرچہ ہے کہ بی جے پی میں انتخابات سے پہلے گئے کئی لیڈر واپس آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے ممتا بنرجی کی ریاستی حکومت کو خط لکھ کر مطلع کیا ہے کہ ایم پی سنیل منڈل، بی جے پی ایم ایل اے اشوک ڈینڈا اور ایم ایل اے ارندم بھٹاچاریہ کی مرکزی سیکورٹی واپس لے لی جائے گی۔ وزارت داخلہ نے اپنے خط میں ریاستی سطح سے تینوں کو فاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی صلاح دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رائے گنج سے بی جے پی ایم ایل اے کرشنا کلیانی کے باغی ہونے کی بھی خبر ہے۔ وہ بھی پارٹی کے خلاف بھی تیزی سے آواز اٹھا رہی ہے۔ قیاس آرائیاں ہیں کہ یہ سب ترنمول کانگریس میں شامل ہوجائیں گے۔