Urdu News

سوشل میڈیا پر مسلم خواتین کے خلاف غیر اخلاقی تبصرے، خواتین کمیشن کافوری گرفتاری کا مطالبہ

دہلی خواتین کمیشن

دہلی خواتین کمیشن کو سوشل میڈیا کے ذریعے غازی آباد کے رہنے والے کنال شرما نامی شخص کے خلاف شکایت موصول ہوئی ہے۔جس  پر مسلم خواتین کے خلاف نازیبا تبصرہ کرنے کا الزام ہے۔ دہلی خواتین کمیشن  کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے یوپی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے میں ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور سخت کارروائی کی جائے۔

دہلی خواتین کمیشن کو موصول ہونے والی شکایت میں بتایا گیا ہے کہ پانچ لڑکوں کا ایک گروپ ہے، جو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مسلم خواتین کے بارے میں غیر مہذبانہ تبصرے کر رہا ہے اور ان کے نمبر مختلف جگہوں پر پھیلا کر کے ان کے ساتھ زیادتی کی دھمکی دی جا رہی ہے۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ اس وقت ملزم نوجوان دہلی کے علاقے شاہدرہ میں ہے، جس کے بارے میں اس نے دہلی پولیس سے بھی اس معاملے کی شکایت کی لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ جس کے بعد دہلی خواتین کمیشن  نے فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دہلی خواتین کمیشن  کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق، ملزم لڑکوں کا گروہ سوشل میڈیا پر مسلم خواتین کے خلاف نازیبا پوسٹ کر رہا ہے اور دیگر لوگوں کو بھی ان پوسٹوں کے ذریعے خواتین کے ساتھ غیر مہذبانہ تبصرے کرنے پر اکسایا جا رہا ہے، جس کے لیے دہلی خواتین کمیشن   کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

Recommended