راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت نے کہا کہ مذہب کے راستے پر چل کر ہی ہندوستان عالمی گرو بنے گا۔ اگر ہم سب مذہب کی پیروی کرتے رہے تو آنے والے بیس تیس سالوں میں ہندوستان عالمی گرو بن جائے گا جو دنیا کو ایک نیا راستہ دکھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کا مطلب پوری مخلوق کی فلاح و بہبود کا احساس ہے۔ ہمیں حق کی راہ پر چلتے ہوئے اپنا فرض ادا کرنا ہے۔ ہندوستان کو سپر پاور نہیں بننا ہے بلکہ دنیا کو مذہب سکھانا ہے۔
سرسنگھ چالک ڈاکٹر بھاگوت برہان پور میں اپنے قیام کے دوران اتوار کو یہاں منعقد دھرم سنسکرت سبھا سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مختلف زبانوں، فرقوں اور مذاہب کے لوگ رہتے ہیں۔ مختلف ہونے کے باوجود ہم جانتے ہیں کہ ساری مخلوق ایک ہے۔ اس لیے ہم ہندو ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کے احترام کے ساتھ سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ شاستر دھرم (ابدی دین) پر عمل کرنے سے ساری مخلوق خوش حال رہے گی۔ ڈاکٹر بھاگوت نے کہا کہ سنتوں اور منیوں کی باتوں پر عمل کریں۔
زمانہ قدیم سے وہ ہمیں نیکی کا راستہ دکھا رہے ہیں۔ ہم سب کو مل کر دنیا کی فلاح و بہبود کا بوجھ اٹھانا ہے۔ انہوں نے پیاری زبان میں سچ بولنے اور چھ برائیوں شہوت، غصہ، لگاؤ، لالچ، تکبر اور ستسر سے دور رہنے کی بات بھی کی ہے۔دھرم سنسکرت سبھا کا اہتمام مہاراشٹر کے امراوتی میں واقع ناتھ پیٹھ کے پیٹھادھیشور سوامی جتیندر ناتھ نے کیا تھا۔ دھرم سنسکرت سبھا میں سوامی جتیندرآنند سرسوتی، مہامنڈلیشور ہری ہرانند مہاراج، کاشی کے سوامی جتیندرانند سرسوتی، شیواجی مہاراج کی اولاد راجے مدھوجی بھونسلے بھی موجود تھے۔