ہندوستانی فوج نے ہفتہ کے روز جموں اور کشمیر کے اڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب دیہاتوں میں رہنے والی لڑکیوں کے لئے ایک بیداری اور تحریکی مہم کا اہتمام کیا۔ آگاہی مہم بنیادی طور پر لڑکیوں میں مسلح افواج میں کیریئر کے امکانات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر مرکوز تھی۔
یہ تقریب ڈگری کالج، اُڑی کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئی اور اس میں 226 لڑکیوں نے حصہ لیا۔ تقریب کے دوران، خواتین فوجی افسران نے ہندوستانی مسلح افواج میں شامل ہونے کے مختلف آپشنز کے بارے میں تفصیلی بیان دیا اور نوجوان لڑکیوں کو ذاتی صحت اور حفظان صحت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
تقریب کے دوران اپنے دفاع کے لیے مارشل آرٹ کا ایک چھوٹا سا مظاہرہ بھی دکھایا گیا جسے نوجوان لڑکیوں نے کافی دلچسپ اور پرجوش پایا ۔آگاہی پروگرام کے علاوہ نوجوان لڑکیوں کو سول معززین اور فوجی حکام سے بات چیت کا موقع ملا جہاں وہ روشن مستقبل اور خوشحال کشمیر کے لیے “اپنے خول سے باہر آنے” کی ترغیب دی گئی۔