Urdu News

حکومت بہارکی اردو اداروں سے متعلق عدم دلچسپی پر دانشوروں کا ردعمل

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار

 بہار میں عظیم اتحاد حکومت قائم ہوئے پچاس دن مکمل ہونے والے ہیں۔ گزشتہ 10 اگست کو بہار میں نتیش کمار نے تیجسوی یادو سے اتحاد کر کے نئی حکومت بنائی تھی۔ اس کے بعد سے اردو طبقہ میں ایک نئی امید کی کرن روشن ہوئی تھی کہ بی جے پی سے علاحدگی کے بعد نتیش حکومت اردو اداروں کے لئے کھل کر کام کریں گے۔

بہار اردو اکادمی میں گزشتہ تین سال سے سکریٹری کا عہدہ خالی ہے جس سے ادارے میں اردو کا کام کاج متاثر ہو رہا ہے۔ اسی طرح بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ اور اقلیتی آیوگ کے چیئرمین کا عہدہ خالی پڑا ہوا ہے۔ سماجی کارکن مبین الہدیٰ نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ عظیم اتحاد حکومت بننے کے بعد بھی اگر اردو ادارے خالی ہیں تو یہ افسوسناک ہے۔

نتیش کمار کو اردو نواز کہا جاتا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ اردو کے فروغ کی طرف بالکل توجہ نہیں ہے۔ گزشتہ 18 سالوں میں نتیش حکومت سے اردو کا بڑا نقصان ہوا ہے۔ حکومت اگر چاہ لے تو جتنے بھی اداروں میں اسامیوں کو بھرنے کا کام کیا جاسکتا ہے۔

سماجی کارکن آفاق خان نے کہا کہ موجودہ حکومت سے ہماری توقعات جڑی ہوئی ہیں۔ہمیں یقین ہے کہ بہار میں اردو کے تمام اداروں میں خالی عہدوں پر افسران کی تقرریاں ہو جائیں گی کیونکہ نتیش حکومت اس سے قبل اردو کے لئے کئی اہم کام کرچکے ہیں۔

ادھرآرجے ڈی کے ریاستی ترجمان اعجاز احمد نے کہا کہ عظیم اتحاد حکومت اس مسئلے پر سنجیدہ ہے۔بہت جلد اقلیتی طبقے کو خوشخبری ملے گی۔ ہماری شروع سے اقلیتی مسائل کو حل پر توجہ مرکوز رہی ہے۔بہت جلد اس معاملے کو حل کر لیا جائے گا۔

Recommended