پونچھ ،25؍ دسمبر
جموں اور کشمیر کے پونچھ اور راجوری کے سرحدی اضلاع جو پہلے ایل او سی پر فائرنگ، دراندازی کی کوششوں یا فوج مخالف کارروائیوں کے واقعات کی وجہ سے خبروں میں رہتے تھے اب “دہشت گردی سے سیاحت” کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
چونکہ پچھلے کچھ سالوں سے یہاں کی سرحدوں پر ‘ امن’ قائم ہوا ہے، اس لیے اس ضلع کے اندر کھیلوں کے مقابلے اور ثقافتی مقابلوں کا انعقاد لگاتار کیا جا رہا ہے۔ محکمہ سیاحت ‘ نیشنل رورل لائیولی ہڈ مشن’، ہندوستانی فوج اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کئی طرح کی سیاحتی سرگرمیاں چلا رہا ہے۔ ڈاک بنگلہ، پونچھ میں ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کے فنکار شامل تھے۔
ضلع میں تعمیر و ترقی کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے۔ اس موقع پر فنکاروں کا کہنا تھا کہ ہمارا مشن ‘دہشت گردی نہیں، سیاحت کے لیے ہاں’ ہے، ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اب عسکریت پسندی، دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں، اب سیاحت پروان چڑھ رہی ہے، دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں۔
یہاں کی خوبصورتی دیکھیں۔ یہاں بھائی چارہ، مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مہمان نوازی کو دیکھیں۔ اس سے پہلے جمعہ کو راجوری میں ایک بہت بڑا ثقافتی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں راجستھان، گجرات، پنجاب، ہماچل اور دیگر ریاستوں کے فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور مقامی فنکاروں کی کارکردگی کو بھی دیکھا۔ مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں اور مقامی نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔