ہیمنت سورین پر برسے شیوراج، ٹوئیٹ کو بتایا نازیبا اور غیر ذمہ دار
بھوپال، 8 مئی (انڈیا نیرٹیو)
وزیر اعظم نریندر مودی کو لیکر جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے ذریعہ کئے گئے ٹوئیٹ پر سیاست گرما گئی ہے۔ بی جے پی برسراقتدار ریاستوں کے کئی وزرائے اعلیٰ، مرکزی حکومت کے کئی وزیروں نے ہیمنت سورین پر پلٹ وار کیا ہے۔ کئی بڑے رہنما اب سوشل میڈیا پر ہیمنت سورین کو جواب دینے میں لگ گئے ہیں۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بھی ہیمنت سورین کے ٹوئیٹ کی مذمت کرتے ہوئے اسے نازیبا اور غیر ذمہ دار بتایا ہے۔
وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بروز ہفتہ ایک کے بعد ایک مسلسل کئی ٹوئیٹ کرکے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین پر جم کر برسے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر سے کل فون پر بات چیت کے بعد جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے ذریعہ ٹوئیٹ نہ صرف سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے بلکہ اس کی زبان بھی پوری طرح سے نازیبا اور غیر ذمہ داررانہ تھی۔ وہ اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
سی ایم شیوراج نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ریاست کے ہر وزیر اعلیٰ اور ریاست کے ہر فرد کی بات سنتے ہیں۔ ہیمنت سورین کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ وزیر اعظم نے جھارکھنڈ کی فکر کرتے ہوئے خود فون کیا تھا۔ ملک اور جھارکھنڈ بھی کووڈ -19 کے چیلنجوں سے اس وقت جوجھ رہا ہے تو اس وقت وزیر اعظم نے صرف کووڈ کے سلسلے میں بات چیت کی۔اگر ہیمنت سورین کو کوئی اور بات کرنی تھی تو انہیں اس سے پہلے وزیر اعظم کو فون کرکے اپنے مسائل سے مطلع کرانا چاہیے تھا، انہیں کس نے روکا تھا۔ نریندر مودی حساس وزیر اعظم ہیں۔ وہ ملک کو کووڈ- 19 کے چیلنجوں سے باہر نکالنے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ ہیمنت سورین کو ملک معاف نہیں کرے گا۔ یہ وقت بے بنیاد الزامات عائد کرکے ملک کو نقصان پہنچانے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کا نہیں، بلکہ متحد ہوکر کورونا کو شکست دینے کا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کورونا بحران پر پی ایم مودی نے جب کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات چیت کی تو اس کے بعد جمعرات رات کو جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ٹوئیٹ کیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا کہ آج محترم وزیر اعظم جی نے فون کیا۔ انہوں نے صرف اپنے من کی بات کی، بہتر ہوتا اگر وہ کام کی بات کرتے اور کام کی بات سنتے۔ اسی ٹوئیٹ کو لیکر وبال مچاہوا ہے۔