Urdu News

آر ایس ایس سر براہ موہن بھاگوت کے ہاتھوں ہندو مسلم رابطہ پرمبنی کتاب کا اجرا

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن راؤ بھاگوت

آر ایس ایس سر براہ موہن بھاگوت  کے ہاتھوں ہندو مسلم رابطہ پرمبنی کتاب  کا اجرا 

نئی دہلی، 05جولائی (انڈیا نیرٹیو)

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن راؤ بھاگوت نے اتوار کے روز ایک پروگرام میں ڈاکٹر خواجہ افتخار احمد کی کتاب 'فکری ہم آہنگی – جستجو و آرزو' نامی کتاب کا اجرا کیا۔ کتاب مختلف فرقوں کے مابین باہمی مباحثے کی بنیاد پر لکھی گئی ہے۔یہ کتاب اردو کے علاوہ ہندی اور انگلش میں بھی جاری کی گئی ہے۔ہندی میں اس کتاب کا نام ویچارک سمنویہ۔ایک ویوہارک پہل اور انگلش میں دی میٹنگ آف مائنڈ ہے۔

کتاب کی ریلیز کے موقع پر سرسنگھ چالک بھاگوت کے علاوہ، سہ  سرکاریہ واہ ڈاکٹر کرشنا گوپال، اندریش کمار، مرکزی وزیر اور غازی آباد کے رکن پارلیمنٹ وی کے سنگھ،  سہ سمپرک پرمکھ رام لال اور کتاب کے مصنف ڈاکٹر افتخار احمد اسٹیج پر موجود تھے۔

کتاب کے مصنف ڈاکٹر خواجہ افتخار نے اس موقع کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 95 سال کا فاصلہ طے کرنے کا موقع ہے۔ دوستی، تعاون اور باہمی بھائی چارے کو فروغ دینے کا یہ موقع ہے۔

کتاب کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کی سیاسی پیشرفتوں کا صحیح جائزہ ملتا ہے۔   تحریک خلافت کو مذہبی قرار دیتے ہوئے انہوں نے اس  دوران  ملک کی تقسیم کو غلط قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی زبان، ثقافت اور ملک ایک ہے۔  یہ پروگرام خود مسلم راشٹریہ منچ کی ایک وابستہ تنظیم کے  زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا۔

غازی آباد میں 4 اور 5 جولائی کو مسلم راشٹریہ منچ کا دو روزہ قومی سطح کا اجلاس منعقد کیا جارہا ہے۔ اس اجلاس میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی سینئر قیادت سمیت مسلم راشٹریہ منچ کے عہدیدار بھی شریک  ہو رہے ہیں۔ اس  پروگرام میں قومی سطح پر مسلمانوں کے ساتھ کوآرڈینیشن سے متعلق مختلف امور پر خصوصی گفتگو کی جارہی ہے۔

Recommended