چندی گڑھ، 20 اپریل (انڈیا نیرٹیو)
لدھیانہ میں بدھ کی علی الصبح ایک خوفناک آگ میں ایک ہی خاندان کے سات افراد زندہ جل گئے، جب کہ چار افراد بچانے کی کوشش میں معمولی جھلس گئے۔ تمام مرنے والے بہار کے سمستی پور ضلع کے رہنے والے تھے۔
معلومات کے مطابق ٹبہ روڈ پر واقع مکڑ کالونی میں کئی مہاجر خاندان رہتے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر صفائی کا کام کرتے ہیں۔ مکڑ کالونی میں آج صبح تقریباً 3 بجے اچانک آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کے وقت زیادہ تر لوگ گہری نیند میں تھے۔
آگ لگتے ہی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے آگ پر قابو پانے کے ساتھ خود کو بچانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ اسی دوران اردگرد ایک بہت بڑا ہجوم جمع ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی لیکن تب تک یہاں کی ایک کچی بستی میں رہنے والے سریش ساہنی کے اہل خانہ کی موت ہو چکی تھی۔ آگ بجھانے کے بعد مرنے والوں کی شناخت سریش ساہنی (55)، اس کی بیوی ارونا دیوی (52) بیٹی راکھی (15)، منیشا (10)، گیتا (8)، چندا (5) اور بیٹے سنی (5) کے طور پر ہوئی ہے۔
خاندان کا سب سے بڑا بیٹا راجیش اس واقعہ میں بال بال بچ گیا جو رات کو اپنے دوست کے گھر سونے گیا تھا۔ راجیش نے بتایا کہ وہ اصل میں بہار کے سمستی پور ضلع کا رہنے والا ہے۔ اس کے والد سریش کمار اسکریپ ڈیلر کا کام کرتے تھے۔ کل رات پوری فیملی نے اکٹھے کھانا کھایا اور ٹی وی دیکھ کر سو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سول اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم، ڈی سی سوربھی ملک اور پولس کمشنر کوستوبھ شرما موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر سول اسپتال پہنچا دیا۔ مہلوکین کے لواحقین کو بہار میں اطلاع دی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے فائر بریگیڈ کی مدد سے یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آگ کس وجہ سے لگی۔