مغربی بنگال انتخابات میں کامیابی کے بعد ، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کو پارٹی میں قد بڑھادیا گیا ہے۔ ابھیشیک کو پارٹی کا قومی جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ ابھیشیک کی جگہ ، ترنمول یوتھ کانگریس کی ذمہ داری پارٹی رہنما اور اداکارہ سیوانی گھوش کو دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹی ایم سی رہنما کنال گھوش کو پارٹی کی ریاستی اکائی کا جنرل سکریٹری بنا دیا گیا ہے۔
پارٹی کے تنظیمی اجلاس ہفتے کے روز پارٹی کی سر براہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی صدارت میں ہوا۔ اس اجلاس کے بعد ، ٹی ایم سی کے سینئر رہنما پارتھ چٹرجی نے پارٹی کے فیصلوں کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ورکنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی میں ایک شخص کا صرف ایک عہدہ ہوگا۔ کور کمیٹی نے بھی اس کے لئے منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھیشیک ممتا کے سب سے قابل اعتماد لوگوں میں سے ایک ہیں اور انہوں نے اسمبلی انتخابات میں سخت محنت کی۔ پارٹی میں انہیں دی جانے والی اہمیت کی وجہ سے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی نے انتخابی مہم میں یہ کہنا شروع کردیا تھا کہ ممتا بنرجی اب بھتیجے کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے قومی جنرل سکریٹری کی ذمہ داری ابھیشیک کو سونپی ہے۔ ان کی ترقی کے بعد ،خالی عہدے پر پارٹی نے سائنی گھوش کو یوتھ ٹی ایم سی کا ریاستی یونٹ کا صدر بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ٹی ایم سی رہنما کنال گھوش کو ریاستی اکائی کا جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے۔
اس اجلاس میں پرشانت کشور ، جو مغربی بنگال میں ٹی ایم سی کے پالیسی سازبھی موجود تھے۔ پرشانت کشور اور ابھیشیک بینرجی نے بنگال انتخابات میں ایک ساتھ کام کیا۔ ریاست میں پارٹی کی زبردست کامیابی کے بعد ، یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں کہ ابھیشیک بنرجی کا قد بڑھے گا، جسے آخر ہفتہ کو منظور کرلیا گیا۔ ابھیشیک کا پارٹی میں دخل بڑھنے کی وجہ سے بہت سے پرانے رہنما ناراض بھی ہوئے اور بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات میں ترنمول نے 213 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی ، جبکہ بی جے پی کو 77 نشستوں سے مطمئن ہونا پڑا تھا۔
یشونت سنہا کا دعویٰ: ممتا کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کے لئے انتخابات نہیں کرائے گا الیکشن کمیشن
سابق مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق رہنما یشونت سنہا نے دعوی کیا ہے کہ ممتا بنرجی کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کے لیے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے ساتھ مل کر سازش رچی جارہی ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ کے ذریعے دعوی کیا ہے کہ اگلے چھ ماہ تک کسی بھی طرح کے کوئی انتخابات نہ کرانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے تاکہ ممتا بنرجی کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹایا جاسکے۔ انہوں نے ہفتے کے روز ٹویٹ کیا۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ الیکشن کمیشن اگلے کئی مہینوں تک انتخابات نہیں کرائے گا تاکہ ممتا بنرجی چھ ماہ تک اسمبلی میں داخل نہ ہوسکیں۔
قابل ذکر ہے کہ یشونت سنہا نے مغربی بنگال سمیت پانچ ریاستوں کے گذشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی چھوڑ دی تھی اور اسمبلی انتخابات سے عین قبل ممتا بنرجی کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ اس کے بعد سے پارٹی نے انہیں قومی سطح پر ذمہ داری سونپی ہے۔