ممبئی: ملاڈ میں چار منزلہ عمارت منہدم ، 11 افراد ہلاک
ممبئی ، 10 جون (انڈیا نیرٹیو)
ممبئی میں ایک روزہ بارش کے بعد بدھ کی رات ملاڈ کے علاقے مالانی میں چار منزلہ عمارت گرنے سے گیارہ افراد ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں چھ بچے بھی شامل ہیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک عمارت میں سے ایک حصہ دو منزلہ چال پرگر پڑا۔
مالانی پولیس میں نیو کلیکٹر کمپاونڈ میں واقع چارمنزلہ عمارت بدھ کی شب ساڑھے 11 بجے اچانک گر گئی۔ قریب ہی دو منزلہ مکان پر عمارت کا کچھ حصہ گرنے کے ساتھ ہی ایک اور مکان بھی ملبے میں بدل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کے اہلکار پہنچے اور راحت اور بچاو کا کام شروع کیا گیا ۔ موقع سے 11 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے سات افراد کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ان میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ ابھی بھی بہت سے لوگوں کے ملبے کے نیچے پھنس جانے کا خدشہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر پولیس وشال ٹھاکر نے کہا کہ اس جگہ پر 18 افراد کوباہرنکال لیا گیا ، جس میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ سات زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ ملبہ صاف کرنے کا کام جمعرات کی صبح بھی جاری ہے۔
ریڈ الرٹ: ممبئی سمیت کونکن میں 5 دن تک موسلا دھار بارش
ہندوستانی محکمہ موسمیات نے ممبئی سمیت کونکن ساحل پر واقع علاقے میں اگلے 5 دن تک موسلا دھار بارش کا انتباہ دیا ہے۔ اس کے پیش نظر ، ریاستی حکومت نے ممبئی ، تھانے، پالگھر ، سندھودرگ ، رائے گڑھ وغیرہ اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ان اضلاع میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی 18 ٹیموں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے تمام ضلعی مجسٹریٹوں کو بارش کے پیش نظر مستعد رہنے کا حکم جاری کیا ہے اور جہاں بھی کوئی تباہی ہو وہاں فوری امدادی کام کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز صرف 12 گھنٹوں کے دوران ممبئی میں 22.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو جون کے مہینے میں کل 505 ملی میٹر بارش کا 44 فیصد ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے عہدیدار کے مطابق ، آئندہ 24 گھنٹوں میں 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی وارننگ کے بعد ، وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے عہدیداروں کا اجلاس کیا اور تمام اضلاع میں بارش کے بارے میں تفصیلی معلومات لیں۔ شدید بارش سے متاثرہ ضلعی مجسٹریٹوں کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔