قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی کے زیر اہتمام آج عالمی یوگا ڈے منایا گیا۔ اس موقعے پر ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوگا ہماری ہزاروں سالہ ثقافت کا حصہ ہے، جس نے دنیا بھر کو صحت مند سرگرمیوں کا آرٹ سکھایا اور آج بھی عالمی سطح پر اس کی اہمیت و افادیت تسلیم کی جاتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ یوگا ایک ایسی نعمت ہے کہ اگر اس پر عمل کیا جائے تو انسان صحت مند ہونے کے ساتھ ساتھ مثبت توانائی سے بھی لبریز ہوجاتا ہے۔ یوگا ایک ایسا عمل ہے جو انسان کو ذہنی، جسمانی اور جذباتی طور پر مضبوط بناتا ہے۔ یوگا جدید دور میں تناؤ اور اضطراب کو کم کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔
شیخ عقیل نے کہا کہ یوگا جسم کو چست درست رکھنے اور بہتر صحت کے لیے بہت ضروری ہے۔ یہ ہمارے سیلز کو زندہ رکھتا ہے، چہرے کی رونق اور خون کی گردش کو بھی بہتر بناتا ہے۔ پروفیسر عقیل نے کہا کہ یوگا کا اہتمام کرنے والے کا چہرہ ہمیشہ تروتازہ اور شاداب رہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یوگا ہر عمر کے لوگوں کے لیے مفید ہے اور اسے اپناکر ہم اپنی زندگی کو ذہنی و جسمانی ہر اعتبار سے پرسکون بنا سکتے ہیں۔