جموں وکشمیرمیں اْردوصحافت سے وابستہ صحافیوں ونامہ نگاروں کی تنظیم انجمن اْردو صحافت جموں وکشمیر کے تنظیمی انتخابات بدھ کے روز منعقد ہوئے۔نمائندے کے مطابق سینئرصحافی منوہرلالگامی کی سربراہی میں 6رْکنی الیکشن کمیشن کے تحت بدھ کی صبح ممبران نے آن لائن(وٹس ایپ)کے ذریعے ووٹنگ میں حصہ لیا۔
سینئر صحافی ریاض مسرور،ہارون رشید،اوربلال قریشی نے مبصرین کے فرائض انجام دئیے جب کہ چیف الیکشن کمشنر منوہرلالگامی کے ساتھ 2بجے تک جاری رہنے والے اس انتخابی عمل میں تین کمشنروں شبیرملک،امتیاز احمدخان اورمحمدتسکین بانہال کے علاوہ ممبرکمیشن غلام نبی وانی شامل رہے۔
کل135ممبران میں سے 106نے حق رائے دہی کااستعمال کیا،جن میں سے5ممبران کے ووٹ کالعدم قراردئیے گئے۔انجمن کے اولین صدر اورسینئرصحافی ریاض ملک کوممبران نے پھربھاری اکثریت سے صدر منتخب کیاجبکہانجمن کے سابق صوبائی صدر کشمیر بلال فرقانی کوجنرل سیکریٹری منتخب کیاگیا۔
عشرت بٹ پونچھ کوپہلے ہی نائب صدر،شوکت ساحل کوآرگنائزر،فردوس رحمان کوچیف کارڈی نیٹر،ارشاداحمدخان گاندربل کوصوبائی صدر کشمیر اورجہانگیر خان کوصوبائی صدرجموں بلامقابلہ قرار دیاگیاہے۔