Urdu News

جمعیۃ کی صدسالہ تقریبات کے تحت مولانا فخرالدینؒ احمد اور مولانا حفظ الرحمنؒ پر سیمینار کا انعقاد

جمعیۃ کی صدسالہ تقریبات کے تحت مولانا فخرالدینؒ احمد اور مولانا حفظ الرحمنؒ پر سیمینار کا انعقاد

جمعیۃ علماء ہند کی ایک طویل، روشن اوربے مثال تاریخ ہے:مولانا محموداسعد مدنی

مولانا حفظ الرحمن ؒ عبقری شخصیت کے حامل تھے:مولانا محمد سلمان بجنوری

مولانا فخرالدین مرادآبادی ؒ کی خدمات اخلاص و للہیت پر مبنی تھیں: مفتی محمد سلمان منصورپوری

 صدسالہ تقریبا ت کے تحت جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام مدنی ہال صدر دفتر جمعیۃ علماء ہند میں جمعیۃ کے سابق صدر فخر المحدثین حضرت مولانا فخرالدین احمد مرادآبادیؒ اوراولین پارلیامنٹ کے ممبر  مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی ؒ سابق ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کی خدمات و قربانیوں پر دورروزہ سیمینار کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کی نشست ِاول کی صدارت مولانا محمد سلمان بجنوری نائب صدر جمعیۃ علماء ہند و استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند اور دوسری نشست کی صدارت نائب امیر الہند حضرت مفتی محمد سلمان منصورپوری استاذ دارالعلوم دیوبند نے کی،جب کہ نظامت کے فرائض کنوینر سیمینار مولانا حفظ الرحمنؒ مفتی محمد عفان منصورپوری اور کنوینر سیمینار مولانا فخر الدین مرادآبادی مفتی ضیاء الحق خیرآبادی نے مشترکہ طور پر انجام دیے۔

 اس موقع پر اپنے افتتاحی خطاب میں صدر جمعیۃ علماء ہندمولانا محموداسعد مدنی نے کہا کہ مجاہد ملت حضرت مولانا حفظ الرحمٰن سیوہاروی اور فخرالمحدثین حضرت مولانا سید فخر الدین احمد علیہما الرحمہ کی حیات وخدمات پر منعقد ہونے والے اس سیمینارمیں آپ حضرات کو خوش آمدید کہتے ہوئے قلبی مسرت محسوس کررہا ہوں۔ آپ حضرات نے اپنی مصروفیات کے باوجود ہماری دعوت پر لبیک کہا اور سفر کی صعوبتیں برداشت کرکے یہاں تشریف لائے۔

 مولانا مدنی نے کہا کہ تاریخ ہند سے واقفیت رکھنے والے حضرات اس بات سے خوب اچھی طرح واقف ہیں کہ جمعیۃ علماء ہند کی ایک طویل و روشن تاریخ ہے، جس کے ہرہر صفحہ پر اس کے اکابر کی قربانیوں کی داستان ثبت ہے۔

Recommended