”نہ عمر کی سیما ہو، نہ جنم کا ہو بندھن…“ جگجیت سنگھ کی مشہور غزل کی ان لائنوں کی جیتی جاگتی نظیر پٹنہ کے منیر میں دکھائی دی جہاں سمدھن کے چکر میں ایک شخص نے مارپیٹ کر اہلیہ اور اپنی جوان بیٹی کو گھر سے باہر نکال دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں احتجاج کرنے پر اس شخص نے دونوں کو بے رحمی سے پیٹا۔ بیوی نے شوہر کے خلاف تھانہ میں سمدھن کے ساتھ ناجائز تعلقات کا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ درج کرایا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ منیر کے نیا گاؤں جمونی پور کے پراپرٹی ڈیلر دھرم راج کمار کو اپنی بیوہ سمدھن مالتی دیوی سے محبت ہو گئی۔ دھرم راج کا ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔ ایک بیٹے راہل کمار کی شادی 2 سال قبل ہوئی تھی۔ اس نے چند سال قبل ایک بیٹی ڈمپل کی بھی شادی کر دی تھی۔ دوسری بیٹی ببلی کماری کی عمر اس وقت 15 سال ہے، جو میٹرک کے امتحان کی تیاری کر رہی ہے۔
دھرم راج کی بیوی بے بی دیوی نے بتایا کہ دھرم راج کو اپنی بیوہ سمدھن مالتی دیوی سے اتنا پیار ہو گیا کہ وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ ان کے گھر آ گئی۔ جب دھرم راج کی بیوی بے بی دیوی اور ان کی بیٹی ببلی کماری نے احتجاج کیا تو دھرم راج نے اپنی بیوی اور بیٹی کو مارنا شروع کر دیا۔ اتنا ہی نہیں دھرم راج غصے میں اس قدر آگئے کہ اس نے اپنی بیوی اور بیٹی پر گولی چلا دی۔
اپنے شوہر سے پریشان ہو کر بے بی دیوی اور ان کی بیٹی ببلی کماری نے منیر تھانے میں انصاف کے لیے درخواست دی ہے۔ ببلی نے بتایا کہ اس کے والد کے مظالم دن بہ دن بڑھتے جا رہے ہیں۔ اب بھی اپنی بیوی اور بیٹی کو گھر سے نکالنا چاہتے ہیں۔ وہیں منیر کے ایس ایچ او راجیو رنجن نے کہا کہ پولیس درج کی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔