صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووِند نے آج(21 مئی 2022کو) پہلے سے ریکارڈ شدہ ایک ویڈیو پیغام کے توسط سے، شری سوامی نرائن مندر، کنڈل دھام کے ذریعہ منعقدہ ایک یووا شِوِر سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں، صدر جمہوریہ نے کہا کہ نوجوان معاشرے اور قوم کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہیں ہموار اور لت سے مبرا زندگی کے لیے مناسب رہنمائی فراہم کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کے اس کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے بہت خوش ہیں ،جس کا انعقاد نوجوان نسل میں بھارتی ثقافت کی اقدار کو ابھارنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ مندر اور آشرم ہمارے یقین اور زندگی کی نشو و نما کے مراکز ہونے کے ساتھ ساتھ، ناداروں کو مدد فراہم کرنے اور مریضوں کی پریشانیوں کو کم کرنے کے ذریعہ قوم کی خدمت کے مراکز بھی ہیں۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ کنڈل دھام شری سوامی نرائن مندر نے قدرتی آفات کے دوران ضرورت مندوں کو تعاون فراہم کرکے، ناداروں کو مفت کھانا اور ادویہ فراہم کرکے ، اور وبائی مرض کے دوران مندر کو کووِڈ ہسپتال میں تبدیل کرکے، ملک کی خدمت کی ایک نمایاں مثال قائم کی۔
محترم صدر نے کہا کہ زندگی بسر کرنے کا ہمارا روایتی دیہی طریقہ موسمیاتی تبدیلی کی چنوتیوں کا سامنا کر رہی عالمی برادری کو رہنمائی فراہم کر سکتا ہے۔ ہم ماحولیات کی حفاظت کرکے اور فطرت کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اپناتے ہوئے کرہ ارض کو بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے کنڈل دھام شری سوامی نرائن مندر کے ذریعہ کی گئیں مختلف پہل قدمیوں کی ستائش کی، جن میں گیر نسل کی گایوں کی دیکھ بھال، اُتاولی ندی کا تحفظ، شجرکاری، نامیاتی کاشتکاری اور مندر کے کیمپس میں آیوردیک اور طبی خواص کے حامل پودوں و جڑی بوٹیوں کی کاشتکاری جیسے اقدامات شامل ہیں۔