Urdu News

سرسنگھ چالک نے آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف امام عمیر الیاسی سے کی ملاقات

سرسنگھ چالک نے آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف امام عمیر الیاسی سے کی ملاقات

پچھلے مہینے 22 اگست کو بھی سرسنگھ چالک نے اْداسین آشرم میں مسلمانوں کی پانچ نامور شخصیات سے ملاقات کی تھی

 سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت نے آج آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف امام مولانا ڈاکٹر عمیر احمد الیاسی سے ملاقات کی۔

آر ایس ایس کی جانب سے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سرسنگھ چالک نے مولاناعمیر احمد الیاسی سے ملاقات کی ہے اور سرسنگھ چالک ہمیشہ ایسے مذہبی شخصیات سے ملاقات کرتے رہتے ہیں۔

اس ملاقات کی بڑی بات یہ ہے کہ سرسنگھ چالک نے کرزن روڈ پر واقع مسجد میں جا کر امام الیاسی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک میں پھیلی نفرت کی فضا کو کم کرنے اور باہمی ہم آہنگی اور میل جول کو فروغ دینے پر زور دیا گیاتھا۔

مولاناعمیر الیاسی ملک بھر کے اماموں کی ایک بڑی تنظیم آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف امام ہیں۔ وہ اس تنظیم کے ذریعے اماموں کی آواز بلند کرتے رہتے ہیں۔

ان کے والد مولانا جمیل الیاسی نے ائمہ کو سرکاری خزانے سے تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ سپریم کورٹ میں اٹھایا تھا، جس پر سپریم کورٹ نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو اماموں کو تنخواہ دینے کا تاریخی فیصلہ سنایا تھا۔ اس فیصلے کے آنے کے بعد اماموں کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا گیا۔

امام عمیر الیاسی ملک میں پھیلی نفرت کی فضا کو کم کرنے اور تمام مذاہب کے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ باہمی روابط کو فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ وہ اکثر ایسی کانفرنسوں میں بھی شرکت کرتے رہتے ہیں۔

آج سرسنگھ چالک سے ملاقات کا مقصد بھی یہی لگتا ہے۔سرسنگھ چالک بھی یہی چاہتے ہیں کہ ملک میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت کو کم کیا جائے، اس کے لیے دونوں مذاہب کے مذہبی رہنماؤں کو متحد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

Recommended