Urdu News

لکھنؤ میں 10 مئی تک دفعہ 144 نافذ، رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک نہیں بجا سکیں گے لاؤڈاسپیکر

لکھنؤ میں 10 مئی تک دفعہ 144 نافذ

لکھنو: (ابوشحمہ انصاری)

یوپی کی راجدھانی لکھنؤ میں 10 مئی تک دفعہ 144 نافذ ہے۔ انتظامیہ نے یہ قدم امبیڈکر جینتی، رمضان، گڈ فرائیڈے اور عید کی وجہ سے اٹھایا ہے۔ اس کے علاوہ اسمبلی کے اطراف ٹریکٹر-ٹریلی، گھوڑا گاڑی اور آتش گیر مواد لے جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہی نہیں 10 مئی تک اسمبلی کے گرد دھرنا دینے اور مظاہروں پر بھی پابندی رہے گی۔ ساتھ ہی، یوپی قانون ساز اسمبلی کے ساتھ ساتھ سرکاری دفاتر کے ایک کلومیٹر کے دائرے میں ڈرون سے شوٹنگ پر بھی پابندی ہوگی۔ یہ پابندیاں 9 اپریل سے نافذ العمل ہیں۔

اس کے علاوہ انتظامیہ نے بغیر اجازت جلوس نکالنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جب کہ رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک لاؤڈ اسپیکر کا استعمال ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ تاہم مذہبی، عوامی مقامات، جلوسوں میں قواعد کے مطابق لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت جاری رہے گی۔ اسی وقت، لکھنؤ پولیس کمشنریٹ کے جوائنٹ کمشنر آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) پیوش موردیا نے کہا ہے کہ دارالحکومت میں اگر کوئی ماسک کے بغیر نظر آیا تو اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر مرکزی حکومت کے رہنما خطوط، پروگراموں، تہواروں اور تمام انٹرنس امتحانات کے انعقاد کی وجہ سے خصوصی چوکسی اختیار کرنا ضروری ہے۔ اسی لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔

سینما ہال سمیت کھلی رہیں گی یہ چیزیں

اس کے ساتھ حکم میں کہا گیا ہے کہ لکھنؤ میں ریستوران، سنیما ہال، ملٹی پلیکس، جم، سوئمنگ پول، واٹر پارکس اور ہوٹل وغیرہ پوری صلاحیت کے ساتھ کھلے رہیں گے۔ تاہم، اس دوران کووڈ ہیلپ ڈیسک کا ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ مذہبی مقامات اور مذہبی اداروں میں کووڈ ہیلپ کے قیام کے ساتھ ماسک پہننا بھی ضروری ہے۔

Recommended