Urdu News

سیاحتی مقام شملہ میں شدید گرمی نےمچائی تباہی،درجہ حرارت میں اضافہ

سیاحتی مقام شملہ میں شدید گرمی

ہماچل پردیش میں گرمی کی لہر مسلسل شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ خشک موسم کے باعث ہر گزرتے دن کے ساتھ درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ  درج کیا جا رہا ہے۔ ریاست کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔

دن کے وقت تیز دھوپ نے لوگوں کو پریشان کرنا شروع کر دیا ہے۔ عالم یہ ہے کہ ریاست کے بیشتر حصوں میں پارہ 40 ڈگری سیلسیس کو پار کر گیا ہے۔ تاہم 23 مئی سے گرمی سے راحت متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 4 روز تک موسلادھار بارش، ڑالہ باری اور گرج چمک کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پیر کو ریاست میں موسم کا گرم ترین دن رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تقریباً تمام علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے دو سے تین ڈگری زیادہ رہا، پانچ شہروں میں 40 ڈگری سیلسیس سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت اونا ضلع میں 42.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ شملہ کا  درجہ حرارت پیر کو موسم میں پہلی بار 28 ڈگری سے تجاوز کر گیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیش گوئی کے مطابق ریاست میں آئندہ چند روز تک موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے عوام کو شدید گرمی سے راحت ملے گی۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں ریاست میں ویسٹرن ڈسٹربنس فعال ہونے والا ہے، جس کی وجہ سے اکثر مقامات پر بارش کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ بجلی چمکنے، طوفان اور ڑالہ باری کا بھی امکان ہے۔ جس کی وجہ سے اگلے چار پانچ دنوں تک درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ آئے گی اور چلچلاتی گرمی سے راحت ملے گی۔ محکمہ موسمیات نے لوگوں سے کہا ہے کہ خراب موسم کے پیش نظر گھروں سے باہر نکلتے ہوئے احتیاط کریں۔ غیرموسمی بارشوں سے فصلوں اور پھلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

Recommended