Urdu News

سیاحتی مقامات پر ریاستیں بھیڑ بھاڑ نہ ہونے دیں: مرکزی حکومت

@AIR PIC

ہِل اسٹیشنوں اور سیاحتی مقامات پر چھٹیوں میں بھیڑبھاڑ نہ ہونے دیں:مرکزی کی ریاستوں کو صلاح

مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلا نے کَل ایک میٹنگ کی صدارت کی اور ہل اسٹیشنوں اور سیاحتی مقامات پر کووڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ریاستی سرکاروں کی طرف سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

نئی دہلی میں میٹنگ کے دوران کووڈ-19 کی مجموعی صورتحال کے انتظام و انصرام اور گوا، ہماچل پردیش، کیرالہ، مہاراشٹر، راجستھان، تمل ناڈو، اتراکھنڈ اور مغربی بنگال میں ٹیکہ کاری کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 مرکزی داخلہ سکریٹری نے ہل اسٹیشنوں اور دوسرے سیاحتی مقامات پر کووڈ کے مناسب رویے کو اختیار نہ کیے جانے سے متعلق میڈیا رپورٹوں پر خبردار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کووڈ کی دوسری لہر ابھی ختم نہیں ہوئی ہے اور ریاستوں کو چاہیے کہ وہ ماسک پہننے،سماجی دوری برقرار رکھنے اور تحفظ سے متعلق دوسرے رویے جیسے پروٹوکول کی سخت پابندی کو یقینی بنائیں۔

اس بات کو بھی اجاگر کیا گیا کہ جانچ کے بعد متاثر پائے جانے والے افراد کی مجموعی شرح کم ہو رہی ہے جب کہ راجستھان، کیرلہ، مہاراشٹر، تمل ناڈو، مغربی بنگال، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کے مخصوص اضلاع میں متاثر پائے جانے والے افراد کی شرح دس فیصد سے زیادہ ہے جو کہ قابل تشویش ہے۔

ریاستوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرنے ، مریض کا پتہ لگانے، علاج کرانے اور ٹیکہ لگوانے کی پانچ سطحی حکمت عملی اور کووڈ سے متعلق مناسب رویے کو اپنائیں۔

Recommended