Urdu News

گندگی اور بدبو پھیلنے سے تیزی سے پھیل رہا ہے پٹنہ میں بیماری

گندگی اور بدبو پھیلنے سے تیزی سے پھیل رہا ہے پٹنہ میں بیماری

پٹنہ، 14 ستمبر(انڈیا نیرٹیو)

پورے بہار کے تقریباً 30 ہزار صفائی ملازمین نے اپنے مطالبات کی حمایت میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال منگل کے روز 7 ویں دن بھی جاری رکھی اور اس دوران میونسپل کارپوریشن کے دفتر سمیت مختلف مقامات پر مظاہرے بھی کئے۔ ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی ہڑتالی ملازمین کے مطالبات پر غور کرنے کے لئے کوئی سنجیدہ حکمت عملی اختیار نہیں کی جارہی ہے اور نہ ہی محکمہ شہری ترقیات و رہائش کی جانب سے ہڑتالی ملازمین کے ساتھ بات چیت کی مثبت پہل کی جارہی ہے۔

ہڑتال ختم کرانے کے لئے کوئی موثر کارروائی بھی نہیں کی جارہی ہے۔ اس کا خمیازہ شہر کے عا م لوگوں کو بھکتنا پڑ رہا ہے جن کے لئے اب شہر کی سڑکوں پر پیدل چلنے یا گاڑیوں سے گزرنے کے لئے کوئی جگہ خالی نہیں بچی ہے۔ کیونکہ لوگ اپنے اپنے گھروں کے نزدیک سڑکوں پر ہی کچڑے پھینک رہے ہیں اور غلاظت کا یہ انبار مسلسل بڑھتا ہی جارہا ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق صرف راجدھانی پٹنہ میں اب تک تقریباً 8 ہزار ٹن کچڑے کا انبار لگ گیا ہے۔

 صور ت حال یہ ہے کہ کچڑا کا انبار بڑھتے بڑھتے سڑک کی پوری چوڑائی میں پھیل گیا ہے اور اب 30۔40 فٹ چوڑی سڑک میں ایک فٹ جگہ بھی کچڑا سے خالی نہیں ہے۔ ایک ہفتہ سے لگاتار جمع غلاظت سے بدبو پھیل رہی ہے اور اس کی وجہ سے مختلف قسم کی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں جو شاید کورونا سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے اور ایک بار پھر پوری ریاست میں زبردست کہرام مچ سکتا ہے۔ جب حالات سنگین ہو گئے تب چھٹے دن اتوار کو محکمہ شہری ترقیات و رہائش اور محکمہ صحت نے تسلیم کیا کہ گندگی و بدبو پھیلنے سے بیماریاں پھیلنے لگی ہے۔ محکمہ نے اعتراف گناہ تو کر لیا مگر اس کے ازالہ کے لیے کوئی سنجیدہ کارروائی نہیں کی اور نہ ہی اپنی فکر مندی کا مظاہرہ کیا جس سے حالات سنگین سے سنگین تر ہوتے چلے گئے۔

 باری پتھ میں گاندھی چوک کے نزدیک سڑک کی پوری چوڑائی پر غلاظت کا انبار لگا ہو اہے۔ چند قدم کے فاصلے پر ڈاکٹر پریہ درشی نارائن کے سامنے بھینس، بیل اور گائے سڑک پر باندھی گئی ہے جس کی وجہ سے پوری سڑک پر غلاظت کا انبار لگا ہو اہے۔ اس کے چند قدم ا?گے ڈاکٹر حسنین قیصر کی کلینک کے سامنے اور نوری مسجد و مدرسہ شمس الہدیٰ کے گیٹ کے نزدیک بھی سڑک کی پوری چوڑائی پر غلاظت کا انبار ہے۔ باری روڈ میں ہی آگے بڑھ کر کئی مقامات پر اور پھر سب سے زیادہ غلاظت کا انبار لنگڑ ٹولی چوراہا پر مسجد کے نزدیک لگا ہو اہے جس کی وجہ سے شہر کے لاکھوں لوگوں کو روزانہ گزرنا مشکل ہورہا ہے اور پوری سڑک گندگی سے بھری ہوئی ہے۔ بدبو بھی اس قدر ہے کہ ماسک لگانا اور ناک و منہ بند کرنے سے بھی کام نہیں چل رہا ہے۔ اشوک راج پتھ اور دیگر تمام چھوٹی بڑی سڑکوں کا بھی یہی حال ہے۔ مزید دو چار دن یہی صورت حال برقرا رہی تو کورونا سے بھی خطرناک بیماریاں پھیل جائیں گی جس پر قابو پانا کسی کے لیے آسان نہیں ہوگا۔

Recommended