Urdu News

بارش سے کئی ریاستوں میں حالات ناگفتہ بہ

دہلی میں بارش

مہاراشٹر میں پانچ، اتراکھنڈ میں تین، ہریانہ میں ایک کی موت، ہماچل پردیش میں لینڈسلائڈ سے382سڑکیں بند

ملک کی کئی ریاستوں میں شدید بارش سے حالات بد سے بدتر ہوگئے ہیں۔ مہاراشٹر کے تھانے ضلع میں یر کو مختلف بارش کی وجہ سے رونما ہوئے حادثوں میں پانچ لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں اگلے 24گھنٹوں میں شدید بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔ اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع میں اتوار دیر رات بادل پھٹنے سے تین لوگوں کی موت ہوگئی۔ ٹہری ضلع کے میڈ گاؤں میں بھی بادلوں نے قہر برپایا ہے۔ ہریانہ کے گروگرام میں تین منزلہ عمارت گرنے سے ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ وہیں ہماچل پردیش میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائڈ سے سات نیشنل ہائی وے سمیت382سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔

دہلی این سی آر میں صبح تیز بارش ہوئی۔ اس سے اومس بھری گرمی سے راحت ضرور ملی لیکن کئی علاقے زیر آب ہوگئے۔ آئی ٹی او، ایمس کے پاس اربندو مارگ، منڈی ہاؤس کے آس پاس سڑک پر بارش کا پانی بھر گیا۔ اس سے صبح کام پر جانے والے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی علاقوں میں ٹریفک جام سے لوگوں کو دوچار ہونا پڑا۔ جموں وکشمیر کے کچھ حصوں میں بھی صبح بارش ہوئی ہے۔

مہاراشٹر میں اب تک 35لوگوں کی موت

مہاراشٹر کے کئی علاقوں میں ہفتہ کی رات سے رک رک کر ہورہی شدید بارش سے عام زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔ اس دوران ہوئے حادثوں میں اب تک35لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ پیر کو تھانے ضلع کے کلابا علاقے میں پہاڑی کا ملبہ گھروں پر گرنے سے پانچ لوگوں کی جائے حادثہ پر ہی موت ہوگئی، جب کہ دو لوگ شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ علاقے میں کم سے کم24گھر زمین دوز ہوگئے ہیں۔ سبھی زخمیوں کو کلابا میں واقع سرکاری اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات میں چیمبور، وکرولی اور بھانڈوپ میں مختلف حادثوں میں 30لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔

Recommended