Urdu News

تیسری ’آکسیجن ایکسپریس‘ہندوستان سے بنگلہ دیش کے لیے روانہ

آکسیجن ایکسپریس

نئی دہلی، 30 جولائی (انڈیا نیرٹیو)

ہندوستانی ریلوے کوروناکی وبا کے دوران پڑوسی ملک بنگلہ دیش کی طبی آکسیجن کی فراہمی میں مدد کرنے میں مصروف ہے۔ اس سلسلہ میں، ریلوے نے جمعہ کو بنگلہ دیش کے لیے تیسری آکسیجن ایکسپریس کو جھنڈی دکھائی۔

وزارت ریلوے نے کہا کہ 10 کنٹینرز میں 200 میٹرک ٹن لیکویڈ میڈیکل آکسیجن (ایل ایم او) لے کر آکسیجن ایکسپریس جنوبی مشرقی ریلوے کے تحت چکدھر پور ڈویژن  کے ٹاٹا نگر سے بنگلہ دیش کے بیناپول کے لیے روانہ ہوئی۔

پہلی آکسیجن ایکسپریس کو ریلوے نے 24 اور دوسری ٹرین 27 جولائی کو بنگلہ دیش روانہ کیا تھا۔ دونوں ٹرینوں میں 10-10کنٹینرز میں 200-200 ٹن آکسیجن تھی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ آکسیجن ایکسپریس کو پڑوسی ملک بھیجا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر کے درمیان، ملک بھر میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ایک بحران تھا۔ ایسی صورت حال میں، انڈین ریلوے نے 24 اپریل کو آکسیجن ایکسپریس کا آپریشن شروع کیا تاکہ طبی آکسیجن کی ضرورت والی ریاستوں کو راحت ملے۔ اس وقت ریلوے کی طرف سے آکسیجن مہم کے تحت 35000 میٹرک ٹن سے زیادہ ایم ایل او 15 ریاستوں میں پہنچائے گئے تھے۔ تقریباً 480 آکسیجن ایکسپریس چلائی گئی۔

Recommended