نئی دہلی، 9/ اپریل 2022 ۔ نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے رام نومی کے موقع پر قوم کے لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔ان کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے۔ میں بھگوان رام کے جنم دن کے طور پر منائے جانے والے ’رام نومی‘ کے پرمسرت موقع پر اپنے ملک کے لوگوں کو اپنی گرم جوش مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
بھارتی روایت میں، بھگوان رام راستبازی، ہمت اور ہمدردی کی خوبیوں کی علامت ہیں۔ ان کی زندگی سچائی، انصاف، بزرگوں کے احترام اور تمام انسانوں سے محبت کے اصولوں سے عبارت ہے۔ ’مریادا پروشوتم‘ایک مثالی بادشاہ، ایک فرماںبردار بیٹے، ایک پیار کرنے والے بھائی اور حقیقی معنوں میں ایک رول ماڈل کے طور پر قابل احترام ہیں۔ بھگوان رام کی زندگی ہمیں ان کے عظیم نظریات اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کو برقرار رکھنے کی ترغیب دیتی رہتی ہے۔
دعا ہے کہ یہ رام نومی ہماری زندگیوں میں امن اور خوشی لائے اور بھگوان رام کی طرف سے دی گئی لازوال قدروں سے ہماری راہوں کو منور کرے۔