Urdu News

شمالی بنگال میں خوفناک ٹرین حادثہ، بیکانیر۔گوہاٹی ایکسپریس پٹری سے اتری، کئی افرادکی ہلاکت کا خدشہ

شمالی بنگال میں خوفناک ٹرین حادثہ، بیکانیر۔گوہاٹی ایکسپریس پٹری سے اتری

مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی ضلع کے مائناگوڑی علاقے میں  ایک بڑا ٹرین حادثہ پیش آیا۔ بیکانیر-گوہاٹی ایکسپریس جمعرات کی شام تقریباً 5 بجے یہاں دومہانی علاقے میں پٹری سے اتر گئی۔ اس واقعے میں کئی افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔ اس سلسلے میں ریلوے یا انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔

بتایا گیا کہ حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار تقریباً 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ جھٹکے کے بعد انجن سمیت پانچ ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ ان میں سے کم از کم تین ڈبے پلٹ گئے۔ یہ حادثہ کتنا خوفناک ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک ڈبے پر دوسرا ڈبہ چڑھ  گیا ہے اور نیچے دب گئے ڈبے میں  اسے سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام، ریلوے پروٹیکشن فورس (آرپی ایف)، گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آرپی) اور مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور راحت اور بچاؤ کام شروع کیا۔ مقامی لوگ بھی مددگار بن گئے ہیں۔ حادثے کی وجہ فی الحال واضح نہیں ہے۔

ریلوے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ حادثے کے پیچھے سازش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ پہلے ٹرین کا انجن ہی پلٹ گیا۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ فی الحال مرنے والوں اور زخمیوں کے بارے میں ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔

Recommended