Urdu News

پی ایم کیئرس فنڈ سے مرشد آباد اور ندیہ ضلع میں دو عارضی کووڈ اسپتال تعمیر کئے جائیں گے

پی ایم کیئرس فنڈ

مرکزی حکومت نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری کے مطالبے پر یہ قدم اٹھایا

کولکاتا ، 17 جون (انڈیا نیرٹیو)

 لوک سبھا میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کے رہنما اور بنگال کے بہرام پور سے ممبر پارلیمنٹ ، ادھیررنجن چودھری کے مطالبے پر ، وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگال میں دو عارضی کووڈ اسپتال بنانے کی ہدایت کی ہے۔ دونوں اسپتالوں کی تعمیر کے لیے وزیر اعظم کیئر فنڈ سے 41.62 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔

بدھ کے روز ایک بیان میں بتایا گیا کہ دفاعی تحقیقی ادارہ، ڈیفینس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او ) کے ذریعہ بنگال کے مرشد آباد اور ندیہ ضل کے کلیانی میں 250 بستروں پر مشتمل دو عارضی کووڈ اسپتال قائم کئے جائیں گے۔ اس کے لیے وزیر اعظم کیئرس فنڈ سے 41.62 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈی آر ڈی او اسکا مکمل انفراسٹرکچر تیار کرے گا۔ اس کام میں ، ریاستی حکومت اور مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود سے بھی مدد لی جائے گی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ  کانگریس رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری نے وزیر اعظم کو ایک خط لکھا تھا جس میں ان سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ مرشد آباد میں 500 بستروں پر مشتمل کووڈ اسپتال کی تعمیر کے لیے وزیر اعظم کیئرس فنڈ سے رقم مختص کریں۔

Recommended