وزیر اعلیٰ نے غم کا اظہار کیا،ریسکو جاری، ایس ڈی آر ایف اور دیگر ٹیمیں موقع پرموجود
فی الحال کیدار وادی میں ہیلی کاپٹر سروس پر روک لگائی گئی
اتراکھنڈ میں کیدارناتھ دھام کے ہوائی راستے پر یاتریوں کو لے جانے والی ایک نجی کمپنی کا ہیلی کاپٹر منگل کو خراب موسم کی وجہ سے گروڑ چٹی میں گر کر تباہ ہو گیا۔
اس حادثے میں پائلٹ سمیت 07 افراد ہلاک ہو گئے۔ یوکاڈا کے سی ای او سی روی شنکر نے اس کی تصدیق کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلی پشکر سنگھ دھامی نے کیدارناتھ کے قریب گروڑ چٹی میں ہیلی کاپٹر حادثے میں کچھ لوگوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایس ڈی آر ایف اور دیگر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور راحت میں مصروف ہیں۔ واقعہ کی تفصیلی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔
میڈیا سنٹر سکریٹریٹ میں، سی روی شنکر، سی ای او، سول ایوی ایشن، یو سی اے ڈی اے نے دوپہر میں ہونے والے واقعے کے بارے میں جانکاری دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی کال کے مطابق اس وقت موسم پرواز کے لیے موزوں تھا۔ حادثہ اچانک خراب موسم اور پہاڑی پر بادل چھا جانے کی وجہ سے پیش آیا۔حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں میں سے تین کا تعلق گجرات، تین کا تمل ناڈو اور پائلٹ کا مہاراشٹر سے تھا۔