Urdu News

نا ئب صدر جمہوریہ نے ہندوستانی ثقافت اور ورثے کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا

نائب صدرجمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو

 نئی دہلی،  2/اپریل 2022 ۔ نائب صدرجمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ اوگادی، یوگادی، گڑی پڑوا، چیترا سکلادی، چیتی چند، سجیبو چیراوبا، نوریہہ جیسے مختلف نا موں اوررسوم ورواج  کے  ساتھ ملک بھر میں منایا جانے والا نئے سال کا تہوارہندوستانی ثقافت  کی علامت ہےجس سے اس ملک  کے تنوع اور بنیادی اتحاد کی عکاسی ہوتی ہے۔

حیدرآباد میں سورن بھارت ٹرسٹ میں یوگادی کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہندوستانی ثقافت کا  تحفظ اوراس کی  حفاظت کریں اور ہر ہندوستانی تہوار کی اہمیت کو سمجھیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ روایتی نیا سال ملک کے لوگوں کی زندگیوں میں خوشحالی اور خوشیوں کا آغاز کرے۔

نائب صدر جمہوریہ نے مشاہدہ کیا کہ مختلف ثقافتوں کے لوگوں کے درمیان رشتوں کو مضبوط کرنے سے معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔ ’وسودھیو  کٹمبکم‘ کی ہندوستان کی تہذیبی قدر کو یاد کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے ملک کی ترقی کے لیے ہر ایک پر  مسلسل کوشش کرتے رہنے  پر زور دیا۔انہوں نے کہا، آئیے متحد ہوں اور آگے بڑھیں، آیئے آتم نربھر بھارت  کا ہدف حاصل کریں۔

جناب نائیڈو نے کہا  کہ نوآبادیاتی حکمرانی نے ہندوستان کا استحصال کیا اوریہ  ہندوستانیوں میں احساس کمتری کا باعث بنی۔ ہر کسی سے ہندوستان کے قدیم ورثے پر فخر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان تمام شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور پوری دنیا ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ عوامی گفتگو میں بحث کے اعلیٰ معیار پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی عالمی سطح پر ملک کی حیثیت کو کم نہیں کرنا چاہیے۔

یہ یاد دلاتے ہوئے کہ نئے سال کے تہوار بھی فطرت کے فضل کا جشن ہیں، نائب صدر جمہوریہ نے ہر ایک پر زور دیا کہ وہ نئے سال کے موقع پر فطرت کے تحفظ اور پائیدار طریقوں کی طرف جانے کا عہد کریں۔ انہوں نے لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو بیہودہ طرز زندگی سے پرہیز کرنے اور صحت مند عادات کو اپنانے کا مشورہ دیا۔

نائب صدر جمہوریہ نے عوامی زندگی میں ہندوستانی زبانوں کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور مشورہ دیا کہ ’’ہر ایک کو  ممکنہ حد تک ،اپنی روزمرہ کی زندگی میں اپنی مادری زبان کی قدر کرنی چاہیے اور اس کا استعمال کرنا چاہئے‘‘۔ ان کی یہ خواہش بھی تھی  کہ اسکولوں میں کم از کم پرائمری سطح تک مادری زبان کو تعلیم کا ذریعہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور عدالتوں میں ہندوستانی زبانوں کا زیادہ استعمال ہونا چاہئے۔

جناب نائیڈو نے خواتین کو بااختیار  اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے اپنی سرگرمیوں کے لیے سورن بھارت ٹرسٹ کی تعریف کی۔ اس موقع پر،جناب  نائیڈو نے مختلف ثقافتی اور ادبی  پیش کش / پرفارمنس کو دیکھا جس میں ’’اوگادی پنچنگا سر وانم‘‘ – ڈاکٹر ساگی کملاکارا سرما، پروفیسر، عثمانیہ یونیورسٹی کے ذریعہ ہندو نجومی تقویم کا ایک مختصر تجزیہ، ’’تیلگو پادیا ویبھوم‘‘ – جناب گمادی گوپالا کرشنا کے ذریعے نظم خوانی، جناب  چلاگلی وینکٹ راجو کا ’’سنگیتھا ویبھوم‘‘ اور محترمہ منے ٹینا چودھری کی کوچی پوڈی ڈانس پرفارمنس شامل ہیں ۔

سورن بھارت ٹرسٹ کے  چیئر مین  ڈاکٹر کامینی سری نواس، سکریٹری جناب  بی  سبا ریڈی، ٹرسٹی محترمہ چیگروپتی اوما اور دیگر معززین نےاس تقریب میں شرکت کی۔

Recommended