Urdu News

نائب صدر جمہوریہ نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں ثقافت اور سیاحت کے منصوبوں کا جائزہ لیا

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو

 نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج آندھرا پردیش اور تلنگانہ ریاستوں میں ثقافت اور سیاحت سے متعلق پروجیکٹوں کی صورت حال کا جائزہ لیا۔

وزیر جناب جی کشن ریڈی کی قیادت میں سیاحت کی وزارت اور ثقافت کی وزارت کے عہدیداروں نے نائب صدر جمہوریہ کو ریاستوں میں پروجیکٹوں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دیا۔ جناب نائیڈو نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی ریاستی حکومتوں کے ساتھ قریبی تال میل سے کام کرتے ہوئے پروجیکٹوں کی جلد تکمیل کا مشورہ دیا۔

واضح رہے کہ جناب نائیڈو نے گزشتہ ماہ 28 جولائی کو بھی وزیر جناب کشن ریڈی سے ملاقات کی تھی اور انہیں ان ریاستوں میں زیر التوا کاموں کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ جناب نائیڈو آندھرا پردیش تنظیم نو قانون، 2014 کے تحت قائم کیے جانے والے پروجیکٹوں اور اداروں کی جلد تکمیل اور مکمل آپریشنلائزیشن کے لیے مختلف وزارتوں اور محکموں کی باقاعدگی سے رہنمائی کرتے رہے ہیں۔

وزارت سیاحت کی پیشکش (پریزنٹیشن) کے دوران، عہدیداروں نے جناب نائیڈو کو سودیش درشن اسکیم (کوسٹل سرکٹ اور آندھرا پردیش میں بدھسٹ سرکٹ، ایکو سرکٹ، تلنگانہ میں قبائلی سرکٹ اور ہیرٹیج سرکٹ) اور پرشاد اسکیم (آندھرا پردیش میں امراوتی اور سری سیلم مندر کی ترقی) کے تحت مکمل ہونے والے پروجیکٹوں کے بارے میں بتایا۔  انہوں نے ریاستوں میں عمل آوری کے مختلف مراحل میں چل رہے سیاحت سے متعلق دیگر منصوبوں کی تفصیلات بھی بیان کیں۔

ثقافت کی وزارت کے ذریعہ پریزنٹیشن کے دوران، عہدیداروں نے جناب نائیڈو کو ہزاروں ستون والے مندر، ہنم کونڈہ، ویربھدریشور سوامی مندر، لیپاکشی، چارمینار، حیدرآباد اور دیگر کے ساتھ ساتھ کنزرویشن سے متعلق جاری اہم کاموں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے عجائب گھروں، پرفارمنگ آرٹس، زونل ثقافتی مراکز، لائبریریوں اور دیگر اداروں کے لیے فنڈ مختص کرنے اور منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلی جانکاری دی۔

نائب صدر جمہوریہ نے پیش رفت کے لئے عہدیداروں کی ستائش کی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ پروجیکٹوں کی جگہ کا باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کریں اور ان میں تیزی لانے کے لئے ذاتی پہل کریں۔

Recommended