Urdu News

نائب صدر جمہوریہ نے گجرات کے اپنے ایک روزہ دورے کے دوران دوارکا اور سومناتھ میں مختلف مقدس مقامات کا دورہ کیا

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو

 

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے اپنی شریک حیات محترمہ اوشا نائیڈو اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ آج گجرات میں مختلف مقدس مقامات کا دورہ کیا اور ملک کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ ہندوستان کے نائب صدر کے طور پر اپنے آخری دورے کے دوران، جناب نائیڈو نے پور بندر میں مہاتما گاندھی جی کی جائے پیدائش کا بھی دورہ کیا۔ بعد میں ایک فیس بک پوسٹ میں، نائب صدر نے گجرات کو ’لیجنڈز کی سرزمین‘ قرار دیا جو نہ صرف روحانی طور پر جلا بخشتی ہے بلکہ حب الوطنی اور قوم پرستی کا ایک طاقتور احساس بھی پیدا کرتی ہے۔

نائب صدر جمہوریہ نے اپنے دن بھر کے روحانی سفر کا آغاز مقدس ناگیشور جیوترلنگا کے درشن کے ساتھ کیا، جو دوارکا میں ایک مقدس عبادت گاہ اور ہندوستان کے 12 جیوترلنگوں میں سے ایک ہے۔ یہ بتاتے ہوئے کہ ہمارے مقدس مقامات پر جانا ہمیں ہمیشہ عاجزی، امید، سچائی اور اچھائی میں یقین اور ہمدردی سے دو چار کرتا ہے، انھوں نے کہا کہ ”ناگیشور جیوترلنگا کا یہ قول ہمارے اعتقاد کو مزید مضبوط کرتا ہے کہ اچھائی ہمیشہ اندھیرے پر غالب رہے گی۔“ نوجوان نسل کو ہماری تاریخ کے ایسے اہم مقامات کی سیر کرنے کی تلقین کرتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ اس طرح کے دورے اور سفر اس یقین کو تقویت دیتے ہیں کہ ہماری قدیم ثقافتی اقدار اور تہذیبی ورثے ہمیں صحیح راستے پر گامزن کرتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ”ہم یہ انمول سبق سیکھتے ہیں کہ حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، سرنگ کے آخر میں ہمیشہ روشنی رہتی ہے۔“

ناگیشور جیوترلنگا کے دورے کے بعد، جناب نائیڈو اور ان کے خاندان کے افراد نے دوارکا دھیش مندر میں دعا کی، جو ہندوستان کے سب سے زیادہ قابل احترام مندروں میں سے ایک ہے جو دوارکا میں دریائے گومتی کے کنارے واقع ہے۔ دوارکا دھیش مندر، جسے ’جگت مندر‘ بھی کہا جاتا ہے، ہندوستان میں ’چار دھام‘ یاترا کے مقامات میں سے ایک ہے۔ مندر میں تعمیراتی تفصیلات کی پیچیدہ نوعیت کی تعریف کرتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ اس طرح کے خوبصورت مندر ہماری بھر پور ثقافت اور ہمارے آباؤ اجداد کی اعلیٰ صلاحیتوں کی جھلک دیتے رہتے ہیں۔ انھوں نے خواہش ظاہر کی کہ جدید دور کے معمار ان مشہور اور لازوال یادگاروں سے متاثر ہوں اور متعلقہ طریقوں کو عصری فن تعمیر میں شامل کریں۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح ہم نہ صرف مزید پائیدار عمارتیں بنا سکیں گے بلکہ اپنی ثقافت کے جوہر کو بھی زندہ رکھ سکیں گے۔

دوارکا دھیش مندر کے بعد نائب صدر جمہوریہ پور بندر میں کیرتی مندر گئے، یہ ایک یادگار ہے جو ’بابائے قوم‘ مہاتما گاندھی جی کی جائے پیدائش اور آبائی گھر پر تعمیر کی گئی ہے۔ وہاں آویزاں گاندھی جی کے چرخے کا تذکرہ کرتے ہوئے نائب صدر نے اسے ہماری آزادی کی جد و جہد کی سب سے طاقتور علامتوں اور اہم آلات میں سے ایک قرار دیا۔ گاندھی جی کی طرف سے شروع کی گئی کھادی تحریک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انھوں نے سب سے کہا کہ وہ کھادی کو پہنیں اور اسے فروغ دیں جو کہ ہمارے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ دورے کے بعد نائب صدر جمہوریہ نے کیرتی مندر کی وزیٹر بک میں درج ذیل ریمارکس لکھے –

”مجھے مہاتما گاندھی کی جائے پیدائش پور بندر میں کیرتی مندر کا دورہ کرنے پر بہت فخر محسوس ہوا ہے۔ دنیا کو نا انصافی کے خلاف جد و جہد کے ہتھیار کے طور پر سچائی اور عدم تشدد کی طاقت دکھا کر، گاندھی جی نے انسانیت پر ایک لازوال نقوش چھوڑا۔ میں ہر ایک سے، خاص طور پر نوجوان نسل سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس جگہ کا دورہ کریں اور مہاتما کی زندگی اور نظریات سے متاثر ہوں۔“

’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کی تقریبات کا ذکر کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے ہم وطنوں سے اپیل کی کہ وہ ایک نئے سرے سے آگے بڑھنے والے ہندوستان کی تعمیر کے لیے کام کریں جہاں ہر بچے کو معیاری تعلیم اور مناسب غذائیت ملے۔ ایسا ہندوستان جہاں کوئی بھوکا نہیں سوتا۔ ایک ایسا ہندوستان جہاں غریبوں کو با اختیار بنایا جائے۔ ایک ایسا ہندوستان جہاں بوڑھوں کے ساتھ انتہائی احترام کے ساتھ سلوک کیا جاتا ہے۔ ایک ایسا ہندوستان، جہاں نوجوان، وشوا گرو کی کھوئی ہوئی میراث کو دوبارہ حاصل کرنے میں قوم کی رہنمائی کرتے ہیں۔

بعد میں شام کے وقت، جناب نائیڈو اور ان کے خاندان کے افراد نے تاریخی سومناتھ مندر میں دعا کی جو گجرات میں سوراشٹرا کے ساگر کانت علاقے میں واقع ہے اور بھگوان شیو کے 12 مقدس جیوترلنگوں میں سے ایک ہے۔ جناب نائیڈو نے لکھا کہ سومناتھ نہ صرف اپنی روحانی اہمیت اور عظمت کے لیے مشہور ہے بلکہ ہندوستان کی لچک کے جذبے کا بھی ایک مجسمہ ہے۔ انھوں نے مندر میں وزیٹرز بک میں مندرجہ ذیل تبصرے درج کیے –

”میں سومناتھ مندر کا دورہ کر کے بہت خوش ہوں۔ مندر کی تعمیراتی عظمت اور روحانی چمک واقعی حیرت انگیز ہے۔ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مندر جائیں اور ہماری تہذیب کے ثقافتی کمال کی تعریف کریں۔“

اپنے دورے کے اختتام کے بعد جناب نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان بہت سے ایسے مقامات سے مالا مال ہے جو عظیم تاریخی اور روحانی اہمیت رکھتے ہیں۔ اپنے نوجوانوں کو ایسی جگہوں سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انھوں نے تعلیمی اداروں کو مشورہ دیا کہ وہ طلبا کو ایسی جگہوں پر لے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف انھیں ہمارے بھر پور ثقافتی ورثے کے بارے میں مزید بصیرت ملے گی بلکہ ان میں اپنی قوم کے لیے فخر کا احساس بھی پیدا ہوگا۔

آج صبح جام نگر ہوائی اڈے پر نائب صدر جمہوریہ اور ان کے اہل خانہ کی آمد پر گجرات کے گورنر جناب آچاریہ دیوورت اور گجرات کے وزیر اعلیٰ جناب بھوپیندر رجنی کانت پٹیل نے ان کا استقبال کیا۔

Recommended