مرکزی حکومت نے عام آدمی پارٹی کے سابق رہنما اور معروف شاعر کمار وشواس کو وائی زمرہ کی سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وائی زمرہ کے سی آر پی ایف جوان وشواس کی حفاظت میں تعینات ہوں گے۔
کمار وشواس نے حالیہ دنوں میں عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال پر خالصتان کے حامیوں کے ساتھ روابط رکھنے کا الزام لگایا ہے۔اے اے پی کنوینر کے خلاف الزامات کے بعد سے تمام سیاسی پارٹیاں ان سے سوال پوچھ رہی ہیں۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے یہاں تک کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھ کر ان الزامات کی تحقیقات کی ضرورت بتائی ہے۔ کیجریوال کے خلاف ان الزامات کو لے کر مرکزی وزارت داخلہ بھی مستعد ہو گئی ہے۔
وہیں انٹیلی جنس بیورو نے وشواس کی سیکورٹی کا جائزہ لیا۔ ذرائع سے پتہ چلتا ہے کہ انٹیلی جنس بیورو نے مرکزی وزارت داخلہ کو اپنی رپورٹ میں کمار وشواس کو سیکورٹی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے بعد مرکزی وزارت داخلہ نے کمار وشواس کو وائی زمرہ کی سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کمار وشواس نے کہا کہ کیجریوال نے ایک بار کہا تھا کہ وہ یا تو آزاد ریاست کے وزیر اعلیٰ بنیں گے یا آزاد ملک کے پہلے وزیر اعظم بنیں گے۔ ان کے اس بیان کے بعد سیاست گرم ہو گئی ہے۔
وائی کیٹیگری سیکورٹی کیا ہے؟
ملک میں کئی قسم کے حفاظتی نظام ہیں۔ انٹیلی جنس بیورو کی رپورٹ کی بنیاد پر یہ طے ہوتا ہے کہ کس کو کس کیٹیگری کی سیکورٹی دی جائے۔ ملک میں سیکورٹی کے دائرے کو چار زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں Z+ سب سے اوپر ہے۔ اس کے بعد سیکورٹی کی وائی اورایکس کیٹیگری آتی ہے۔
وائی-کیٹیگری کی سیکورٹی سات اہلکاروں پر مشتمل ہے، جب کہ وائی پلس میں 11 اہلکار ہیں، جن میں پی ایس او اور ایک اسکارٹ شامل ہیں۔ ایکس کیٹیگری تین جوانوں پر مشتمل ہے۔