بہار کے چھپرہ میں ایک چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک خاتون مکھیا کا الیکشن ہار گئی تو اس کے پوسٹ مین شوہر نے تقسیم کے لیے ڈاک گھر آئے آدھار کارڈ جلا دئے۔ اس واقعہ کا ویڈیو کسی گاؤں والے نے بنا لیا جو تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔ ویڈیو میں پوسٹ مین آدھار کارڈ کے سائز والے کارڈ کے بنڈل جلاتا نظر آرہا ہے۔ یہ آدھار کارڈ گاؤں والوں کے تھے اور تقسیم کرنے آئے تھے۔
معاملہ عیسیٰ پور بلاک کا ہے۔ یہاں 24 اکتوبر کو پولنگ ہوئی تھی اور 26 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا گیا تھا۔ ویڈیو میں جو پوسٹ مین آدھار کارڈ جلاتا ہوا نظر آرہا ہے ان کا نام شیلیندر سنگھ ہے۔ شیلیندر کی بیوی سمن دیوی نے یہاں سے مکھیا کا انتخاب لڑا تھا۔ حالانکہ وہ انتخابات ہار گئی۔ سمن کو الیکشن میں صرف 144 ووٹ ملے۔
الزام ہے کہ ان کی وجہ سے شیلیندر گاؤں والوں سے ناراض ہو گئے۔ وہ اگلے دن شام یعنی 27 اکتوبر کو پوسٹ آفس پہنچا۔ وہاں اس نے آگ لگائی اور ایک ایک کر کے آدھار کارڈ والے لفافے آگ میں ڈال کر جلا دئے۔
اب کہا، میں نے آدھار کارڈ نہیں جلایا
جب پوسٹ مین شیلیندر سے ویڈیو کے بارے میں بات کی گئی تو انہوں نے آدھار کارڈ جلانے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آدھار کارڈ نہیں جلایا ہے۔ واقعہ پر چھپرہ کے مرکزی پوسٹ آفس کے پوسٹ ماسٹر ایس این پرساد نے کہا ہے کہ انہیں اس واقعہ کی اطلاع ملی ہے، محکمہ جاتی انکوائری کی جا رہی ہے، اگر پوسٹ مین قصوروار پایا گیا تو کارروائی کی جائے گی۔