Urdu News

کشمیر یونیورسٹی میں علامہ اقبال کا تصور انسانیت پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

کشمیر یونیورسٹی میں علامہ اقبال کا تصور انسانیت کے موضوع پر سیمینار

کشمیر یونیورسٹی میں علامہ اقبال کے تصور انسانیت کے موضوع پر  آج ایک روزہ مشترکہ سیمینار منعقد ہوا۔اس سیمینار کا اہتمام کشمیر یونیورسٹی کے اقبال انسٹی ٹیوٹ آف کلچر اینڈ فلاسفی  اور گورنمنٹ ڈگری کالج (بوائز) سوپور نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔

ڈین اکیڈمک افیئر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر فاروق احمد مسعودی نے افتتاحی سیشن کی صدارت کی، جب کہ ممبر، جموں و کشمیر وقف بورڈ ڈاکٹر غلام نبی حلیم نے کلیدی خطبہ دیا اور پروگرام کے ایگزیکٹو/کوآرڈینیٹر، آل انڈیا ریڈیو سری نگر ڈاکٹر ستیش ومل مہمان خصوصی تھے۔

پروفیسر مسعودی نے اپنے صدارتی خطاب میں علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کو عظیم شاعر اور مفکر قرار دیا اور کہا کہ اقبال کے تصور انسانیت کی آج پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے بھائی چارے اور انسان دوستی کا شاندار درس دیا ہے جو پوری انسانیت کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے۔

ڈاکٹر غلام نبی حلیم نے کہا کہ علامہ اقبال نے افراد اور قوموں کو تفریق سے بالاتر ہو کر انسانیت اور برادری میں برابری کے ساتھ کام کرنے کا درس دیا۔ڈاکٹر ستیش ومل نے کہا کہ علامہ اقبال محبت اور انسانیت کے شاعر ہیں اور علامہ نے مملکتوں کو جوڑنے کے لیے جو کوششیں کیں وہ ہر انسان کے لیے بہت اہم ہیں۔

ڈاکٹر مشتاق احمد گنائی، کوآرڈینیٹر آئی آئی سی پی اور ڈاکٹر سلمیٰ احد، پرنسپل جی ڈی سی (بوائز) سوپور نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ڈاکٹر مشتاق نے اقبال انسٹی ٹیوٹ اور اس کے کاموں کا مختصر تعارف کرایا، ڈاکٹر سلمیٰ احد نے علامہ اقبال کو اپنے دور کا عظیم مفکر قرار دیتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

Recommended