Urdu News

سرحد پار سے علم و ادب کی باوقار آواز ڈاکٹرعامر سہیل

سرحد پار کے کچھ بہت اہم قلمکار

 دھرتی رنگ رائٹرز کلب اور ادبی تقریب کا حال

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کل کا دن بہت خوش گوار اور مزے کا رہا کیوں کہ دھرتی رنگ رائٹرز کلب(بحریہ ٹاون) نے میری کتاب "جدید لسانیاتی اور اسلوبیاتی تصورات " کے حوالے سے ایک یاد گار پروگرام ترتیب دیا تھا جس کی صدارت جناب ارشد وحید صاحب نے فرمائی۔یہ ادبی نشست فقیر سائیں اور فرحین خالد کے دولت کدے پر منعقد ہوئی۔جس میں Closed Group کے اراکین محترمہ شہلا (سی ای او دھرتی رنگ رائٹرز کلب )سمیرا ناز، فاطمہ عثمان،ڈاکٹر ناہید ،نرگس جہاں زیب،معافیہ شیخ،صفیہ شاہد،فرحین خالد،فقیر سائیں، نیلوفراقبال،سید ماجد شاہ، ڈاکٹر فرخ ندیم،فریدہ حفیظ،صباح کاظمی،ارشد وحید، ماریہ اور راقم شامل تھے۔تقریب کے پہلے دور میں فریدہ حفیظ کی فکشن نگاری پر سمیرا ناز اور صباح کاظمی نے مقالات پڑھے۔دوسرے دور میں ڈاکٹر فرخ ندیم نے میری کتاب پر بڑی جامع گفتگو کی۔سید ماجد شاہ نے میری عمومی زندگی پر خصوصی اظہار خیال کیا۔اس کے بعد فرحین خالد نے بے مثال میزبانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طرح طرح کے کھانوں سے مہمانوں کا حوصلہ بڑھایا۔کھانوں کی اس فہرست میں مقامی ذائقوں کے علاوہ ہسپانوی اور فرانسیسی لوازمات کو بھی شامل رکھا گیا اور کانٹی نینٹل اجزائے ترکیبی بھی حسب ضرورت موجود رہے۔فرحین خالد بہت وضع دار اور سلیقہ مند خاتون ہیں۔اپنے گھر میں اتنے مختلف الخیال احباب کو جمع کرنا اور دل لگا کر ہر کسی کی خاطر تواضع کرنا ان پر ختم ہے۔کھانوں اور مشروبات کے بعد مہمانوں کی مزید آو بھگت کی خاطر آندھی ،طوفان اور سیلابی بارش کا بندوبست بھی کیا اور اسے چہار آتشہ کرنے کی خاطر بہترین قسم کی کڑک چائے کے مگ وقفے وقفے سے جاری کیے گئے۔اسی رم جھم میں مجھ سمیت چند دوستوں نے مزے لے لے کر اپنا کلام سنایا اور فوٹو گرافی کی۔ فقیر سائیں نے اپنی طویل نظم "پہلی محبت" بھی سنائی جس حاضرین نے دل کھول کر داد سے نوازا۔ تقریب میں چوں کہ ہمارے ملک کی مایہ ناز افسانہ نگار نیلوفر اقبال بھی شامل تھیں تو ان سے ایک افسانہ بھی سنا گیا۔تقریب کا آخری دور موسیقی کے لیے مخصوص تھا جس میں تمام احباب نے اپنی اپنی توفیق کے مطابق گایا اور محفل کو گرمایا۔یہ تقریب کئی حوالوں سے نہیں بلکہ تمام حوالوں سے یاد گار رہے گی۔صفیہ شاہد کی بے ساختہ نظامت نے تقریب کو از اول تا آخر نقطہ عروج پر رکھا جو کہ کوئی آسان بات نہیں ہے۔دھرتی رنگ رائٹرز کلب نے سماجی پراجیکٹس کے ساتھ ادبی فلاح و بہبود کا ذمہ بھی اٹھایا ہوا ہے۔محترمہ شہلا اور فرحین خالد کا بہت بہت شکریہ کہ اتنی یادگار محفل سجائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عامر سہیل(ایبٹ آباد)
 May be an image of Syed Majid Shah and Aamir Sohail, people sitting and indoor

Recommended