بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)
گزشتہ شب بزم تحفظ اردو کی جانب سے طرحی نشست کا انعقاد احمد ایجوکیشنل ہال میں کیا گیا۔جس کی صدارت ماسٹر عرفان بارہ بنکوی نے کی نظامت کے فرائض احمد سعید حرف نے انجام دیے، مہمان خصوصی کی حیثیت سے حاجی اعجاز انصاری، پپو ملک نے شرکت کی حافظ سلمان بلالی کی نعت پاک سے نشست کا آغاز ہوا۔
نشست میں پڑھے گئے اشعار نذر قارئین ہیں۔
بس انہیں دیکھنےکی حسرت ہے
جو کسی کا برا نہیں کرتے
عرفان بارہ بنکوی
اب مزاج ہو گیا فقیروں سا
اپنی خاطر دعا نہیں کرتے
احمد سعید حرف
داعیانہ مزاج والے لوگ
فرقہ بندی کیا نہیں کرتے
مطیع اللہ حسینی
راہ حق ہم بھی اختیار کریں
آپ ایسی دعا نہیں کرتے
حسن نعیم
میں کدہ ہے یہ میکشوں کے لیے
رخ ادھر پارسا نہیں کرتے
حسان ساحر
یوں ہی تارے ملا نہیں کرتے
آپ کیوں حوصلہ نہیں کرتے
شاداب انور
سچ جو کہتے ہیں آج کل انکے
شانوں پہ سر بچا نہیں کرتے
حافظ سلمان بلالی
ہر قدم وہ گناہ کرتے ہیں
روح جو پارسا نہیں کرتے
جاوید یوسف
مختصر وقت کے لیے آئیں
ایسے مہماں کھلا نہیں کرتے
سلمان فتح پوری
ان کے علاوہ نشست میں موجود لوگوں میں علی اشہد انصاری،انظر انصاری،جاوید ٹھیکیدار کے علاوہ کافی لوگ موجود رہے۔آخر میں احمد سعید حرف نے تمام شعرا و سامعین کا کلماتِ تشکر ادا کرتے ہوۓ کہا کہ بزم کی اگلی طرحی نشست 5 ستمبر بروز منگل احمد ایجوکیشنل ہال میں ہوگی۔
مصرع طرح
چلو میں ہاتھ بڑھاتا ہوں دوستی کے لیے
قافیہ: دوستی ،رہبری،تیرگی
ردیف: کے لیے