ابوشحمہ انصاری
سعادت گنج، بارہ بنکی
بزمِ ایوانِ غزل، کا حمدیہ طرحی مشاعرہ آئیڈیل انٹر کالج محمد پور باہوں کے وسیع ہال میں استاد شاعر محترم طارق انصاری صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا جب کہ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے اس مشاعرے میں محترم عاصی چوکھنڈوی صاحب اور محترم ڈاکٹر بشر مسولوی صاحب نے شرکت فرمائی۔
اس طرحی حمدیہ مشاعرے کی نظامت کے فرائض نوجوان نسل کے نمائندہ شاعر راشد ظہور نے انجام فرمائے، مشاعرہ کا آغاز باسط رامپوری نے نعتِ پاک سے کیا اس کے بعد دئے گئے مصرع
’’اپنے بندوں سے جو تجھ کو ہے محبت اللہ‘‘
پر باقاعدہ مشاعرے کی ابتداء ہوئی مشاعرہ بے انتہا کامیاب رہا بہت زیادہ پسند کئے گئے اشعار کا انتخاب نذرِ قارئین ہے ملاحظہ فرمائیں۔
بے حیائی تری دنیا کی ہوئی ہے تہذیب
اب کروں کیسے میں ایماں کی حفاظت اللہ
طارق انصاری
تیری رحمت ہے اگر ساتھ تو کیا مشکل ہے
ایک ہی دن کا تو ہے روزِ قیامت اللہ
عاصی چوکھنڈوی
اپنے محبوب کی امت میں کیا ہے پیدا
مجھ پہ یہ ہے تری سب سے بڑی رحمت اللہ
ذکی طارق بارہ بنکوی
کرکے اعلان دیا کرتے ہیں خیرات و زکات
اب کماتے ہیں ترے بندے یوں شہرت اللہ
بیڈھب بارہ بنکوی
جس نے دنیا میں ترے حکم کو مانا دل سے
تونے دیدی اسے جنت کی بشارت اللہ
اسلم سیدنپوری
اپنی رحمت سے اسے ٹال دے چلتا کردے
میرے سر پر جو پڑی ہے یہ مصیبت اللہ
مشتاق بزمی
میں تو بندہ ہوں ترا کچھ بھی نہیں ہے میرا
میرا سب کچھ ہی تو ہے تیری امانت اللہ
راشد ظہور
ایک دانے سے بنا دیتا ہے لاکھوں دانے
کتنی حکمت سے بھری ہے تری قدرت اللہ
بشر مسولوی
امتحاں لیتا ہے خود دے کے مصیبت اللہ
اور کرتا ہے تو ہی سب کی کفالت اللہ
قیوم بہٹوی
یہ مکین و مکاں یہ آگ یہ پانی یہ ہوا
سب پہ چلتی ہے سدا تیری حکومت اللہ
قمر سکندر پوری
بادشاہوں کو ترے در پہ کھڑے دیکھا ہے
کھینچ لاتی تھی ترے در پہ ضرورت اللہ
راشد رفیق چوکھنڈوی
سب پہ احسان ترا سب پہ کرم ہے تیرا
یہ حقیقت ہے حقیقت ہے حقیقت اللہ
عظیم چوکھنڈوی
حسنِ اخلاق سے ٹوٹے ہوئے دل کو جوڑوں
یہ ہنر دے مجھے اور دیدے مہارت اللہ
شفیق رامپوری
اپنے تو اپنے ہیں اپنوں کا بھلا کیا کہنا
میرے آقا نے کی دشمن کی عیادت اللہ
باسط رامپوری
توہی ہر ذرے کا مختار ہے اور مالک ہے
ساری مخلوق پہ ہے تیری حکومت اللہ
سحر ایوبی
ان شعرا کے علاوہ وسیم رامپوری،اظہار حیات، صغیر قاسمی اور دلکش چوکھنڈوی نے بھی اپنا اپنا طرحی کلام پیش کیا سامعین میں ماسٹر محمد وسیم، ماسٹر محمد قسیم، ماسٹر محمد حلیم، محمد سفیان اعطاق صاحبان کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں۔ بزمِ ایوانِ غزل کا آئندہ ماہانہ طرحی حمدیہ مشاعرہ درج ذیل مصرع پر 30/ اکتوبر بروز اتوار کو ہوگا۔ ’’ذرہ ذرہ آمدِ آقا سے جلوہ بار ہے‘‘۔