عرس کی تقریب کووڈ پروٹوکول کے مطابق منائی جائے گی، بزرگوں اور بچوں کو عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے اجمیر نہ آنے کا مشورہ
نئی دہلی/اجمیر،31جنوری(انڈیا نیرٹیو)
دنیا کے مشہور صوفی بزرگ حضرت خواجہ غریب نواز کے 810ویں عرس کی تقریبات اس سال کووڈ پروٹوکول کے مطابق منائی جائیں گی۔ درگاہ کمیٹی نے عرس میں آنے والے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ عرس میں شرکت کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں اور آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ ساتھ لائیں۔ درگاہ کمیٹی کے چیئرمین امین خان پٹھان نے ہندوستھان سماچار سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بچوں اور بزرگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ گھروں سے ہی 3 فروری سے شروع ہونے والے عرس میں شرکت کریں اور دعاؤں میں شامل ہوں۔ وہ اجمیر شریف آنے سے گریز کریں۔
حضرت خواجہ غریب نواز کا عرس اسلامی مہینہ رجب المرجب کی پہلی تاریخ سے شروع ہو کر چھٹی تاریخ تک جاری رہتا ہے، یعنی اس سال عرس کی تقریبات 3 فروری سے 9 فروری تک منائے جانے کا امکان ہے۔ درگاہ میں واقع جنتی دروازہ 2 فروری کو عام زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا۔ امین خان پٹھان نے بتایا ہے کہ راجستھان حکومت نے ریاست میں کورونا وائرس کے کم ہوتے اثر اور عرس کی تقریبات کو مدنظر رکھتے ہوئے اتوار کو خصوصی کرفیو ہٹا دیا ہے اور رات کے کرفیو کو بھی رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک کردیا ہے۔
ریاستی حکومت کے اس فیصلے کی ہم تعریف کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویسے بھی اس سال عرس تقریب میں حصہ لینے کے لئے آنے والے زائرین کی تعداد کافی کم رہے گی کیونکہ بہت ساری ریاستوں میں کوروناگائڈ لائن کی وجہ سے زائرین کو یہاں پر آنے سے روکا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ جو بھی زائرین اجمیر شریف آئیں گے ان پر عرس تقریب میں حصہ لینے کے لئے کسی بھی طرح کی کوئی روک نہیں لگائی جائے گی۔
زائرین کو ٹھہرنے کے لئے رہائش کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہاں ایک لاکھ بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے پہلے اجمیر آنے والے زائرین کی تعداد لاکھوں میں تھی لیکن پابندیوں کی وجہ سے اس تعداد کو بہت کم رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ عرس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ زائرین کی سہولیات کے حوالے سے بھی مختلف تیاریاں کی گئی ہیں، اجمیر عرس کا باقاعدہ آغاز 29 فروری کو بلند دروازہ پر پرچم کشائی کی تقریب سے کیا گیا، اس دوران 25 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ سی آر پی ایف کے جوانوں کی جانب سے عرس کی تقریبات کے آغاز کے موقع پر خواجہ صاحب کے اعزاز میں بینڈ باجے کی خصوصی دھن بھی پیش کی گئی۔