کل یعنی 9اپریل2022کو ہم نے دلی دوردرشن کے اسٹوڈیو میں پروگرام”شعر و سخن“کے اٹھارویں اپیسوڈ کی رکارڈنگ کی۔ سنا ہے اس پروگرام ”شعر و سخن“ کو خوب پسند کیا جا رہا ہے۔ کسی پروگرام کے تیرہ ایپیسوڈ بنا لینا کسی بھی پروڈیوسر کے لئے بڑی بات ہے۔ یہاں تو خالد اعظمی اٹھارہ اپیسوڈ کی شوٹنگ مکمل کر چکے۔ نیک خواہشات۔ اس پروگرام کے پروڈیوسر ڈائریکٹر خالد اعظمی ہیں۔ ریسرچ کی ہے نوشاد عالم ندوی نے۔ ابتدائی مرحلے میں اسسٹنٹ تھے شاکر شہزاد۔ گلوکاروں میں پنڈت مکیش تیواری نے آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد صنم خان، شیریں خان اور کاشف نظامی وغیرہ نے اپنی آواز میں مختلف شعرائے کرام کا کلام ریکارڈ کرایا ہے۔ اب تک تیرہ اپیسوڈ نشر کیا جا چکا ہے۔ میں شفیع ایوب اس پروگرام میں محض اینکر ہوں۔
پروفیسر انور پاشا، پروفیسر معین الدین جینا بڑے، پروفیسر خواجہ محمداکرام الدین، ایڈوکیٹ خلیل الرحمان، ایڈوکیٹ ناصر عزیز، ڈاکٹر شعیب رضا خان، ڈاکٹر ظہیر رحمتی، سعید عالم،پروفیسر دانش اقبال، انیس اعظمی، پروفیسر اخلاق آہن، فلم میکر انوشا رضوی، شمیم طارق، شکیل اعظمی، عظیم الدین انصاری، ہارون افروز، سرفراز آرزو، ملک زادہ جاوید، ڈاکٹر خالد مبشراور پروفیسر شہپر رسول جیسی شخصیات نے شاعروں کے فکر و فن پہ اظہار خیال کیا ہے۔ اب تک مخدوم محی الدین، جاں نثار اختر، اختر الایمان، وامق جونپوری، علی سردار جعفری، مجاز، سلام مچھلی شہری، کیفی اعظمی، غلام ربانی تاباں، معین احسن جذبی، انجم انصاری، ظفر گورکھپوری، کنور مہندر سنگھ بیدی سحر، کرشن بہاری نور، ندافاضلی وغیرہ پر شوٹنگ ہو چکی ہے۔ یہ پروگرام ڈی ڈی اردو پر ہر جمعہ کو رات ساڑھے نو بجے 9:30 PM اور ہر سنیچر (ہفتہ) کو دن میں ایک بجکر تیس منٹ 1:30 PMپر نشر کیا جاتا ہے۔ اسے آپ اپنے موبائل فون پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ آپ موبائل پر D D Live ٹائپ کیجئے اور وقت مقررہ پر یعنی جمہ کی رات ساڑھے نو بجے اور سنیچر کو دن میں ایک بجکر تیس منٹ پر اپنے موبائل فون پر بھی یہ پروگرام لایؤ دیکھئے۔ بعد میں د وردرشن کا عملہ اسے یو ٹیوب پر بھی اپ لوڈ کرتا ہے۔ آپ یو ٹیوب پر اب تک ٹیلی کاسٹ ہوئے پروگرام دوبارہ دیکھ سکتے ہیں۔ ایک گزارش ہے کہ پروگرام شعر و سخن دیکھنے کے بعد دوردرشن کے افسران کو اپنی پسند نا پسند کے بارے میں بھی بتا دیا کریں۔ ایک ای میل ضرور کر دیں۔ تعریف کریں یہ ضروری نہیں، کمیاں بھی بتائیں، مشورہ بھی دیں۔ آپ اپنی رائے دو چار جملوں میں ہندی اردو یا انگریزی میں لکھ کر ای میل کر دیں تو دوردرشن کے افسران کو حوصلہ بھی ملتا ہے اور ان کی رہنمائی بھی ہوتی ہے۔ ای میل ہے mrahul999@gmail.comیہ شری راہل مہاجن جی کا ای میل ہے۔
آج سے تقریباً 29سال پہلے گورکھپور میں پہلی بار خود کو ٹی وی اسکرین پر دیکھا تھا۔ استاد محترم ڈاکٹر اختر بستوی مرحوم نے گورکھپور دوردرشن کے ایک کویز پروگرام میں میرا نام بھیجا تھا۔ جس شام پروگرام نشر ہوا میں گھنٹو ں پہلے نہا دھو کر عطر لگا کر بیٹھا تھا خود کو ٹی وی کے پردے پر دیکھنے کے لئے۔ وہ دن ہے اور آج کا دن۔ کتنے پروگرام کئے اور کس کس چینل پر آئے اب یاد نہیں۔ صرف اتنا کہہ دیا کرتا ہوں کہ عمر گزری ہے اسی دشت کی سیاحی میں۔ اس پروگرام شعر و سخن کو پیش کرنے کے لئے میں تیار نہیں تھا۔ لیکن خالد اعظمی صاحب کی ضد تھی کہ اینکر شفیع ایوب ہی ہوگا۔ان کو نہ جانے کیسی محبت ہے مجھ سے۔ حالانکہ میں ان کے ڈھب کا آدمی بھی نہیں ہوں۔