Urdu News

وادی کشمیرمیں دیوالی کا تہوار دھوم دھام سے،مندروں میں کی گئی پوجا پاٹ

وادی کشمیرمیں دیوالی کا تہوار دھوم دھام سے

سری نگر، 24 اکتوبر(ہ س)

وادی کشمیر میں ہر سال کی طرح اس سال بھی دیوالی کا تہوار ہندوؤں نے بڑے ہی جوش اور جذبے کے ساتھ منایا، جسکے دوران یہ تہوار خاص کر فورسز کے مختلف کیمپوں میں دھوم دھام کے ساتھ منایا گیا۔

دیوالی جو دیپاولی کے نام سے بھی معروف ہے ایک قدیم ہندو تہوار ہے،۔یہ تہوار روحانی اعتبار سے اندھیرے پر روشنی کی، نادانی پر عقل کی، برائی پر اچھائی کی اور مایوسی پر امید کی فتح کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

اس تہوار کی تیاریاں 9 دن پہلے سے شروع ہوجاتی ہیں اور دیگر رسومات مزید 5 دن تک جاری رہتے ہیں۔ اصل تہوار اماوس کی رات یا نئے چاند کی رات کو منایا جاتا ہے۔آج ملک بھر کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی دیوالی کا تہوار جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

 دیوالی کی رات سے پہلے ہندو پیروکار گھروں کی مرمت اور رنگ و روغن کرتے ہیں۔ دیوالی کی رات کو ہندو پیروکار نئے کپڑے پہنتے ہیں، دیے جلاتے ہیں، کہیں روشن دان، شمع اور کہیں مختلف شکلوں کے چراغ جلائے جاتے ہیں، یہ دیے گھروں کے اندر اور باہر، گلیوں میں بھی رکھے جاتے ہیں۔

دولت اور خوشحالی کی دیوی لکشمی کی پوجا کی جاتی ہے اورپٹاخے داغے جاتے ہیں۔ بعد میں سارے خاندان والے اجتماعی دعوتوں کا اہتمام کرتے ہیں، مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں۔ دوست احباب کو مدعو کیا جاتا ہے، تحفے تحائف تقسیم کیے جاتے ہیں۔ دیوالی ہندووں کا اہم تہوار ہی نہیں بلکہ اہم رسم یا رواج بھی ہے۔

کشمیر میں اقلیتی طبقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ دیوالی کے موقع پر مسلمانوں کی موجودگی ہمیشہ رہی ہے اور اس بھائی چارے کو کبھی مرتے ہوئے نہیں دیکھا ہے اور نہ کبھی دیکھیں گے۔

Recommended