Urdu News

سعودی عرب سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ادا کی گئی عید الفطر کی نماز

خانۂ کعبہ میں امت مسلمہ عید کی نماز ادا کرتے ہوئے

ریاض،21اپریل(انڈیا نیرٹیو)

دنیا بھر کے کئی ممالک میں آج چاند دیکھنے کے بعد عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی۔ دنیا سب سے بڑے نمازِ عیدالفطر کے اجتماعات سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم میں منعقد ہوئے۔مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم میں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے نمازِ عید الفطر ادا کی۔

سعودی عرب کی وزارتِ اسلامی امور کی جانب سے عیدالفطر کی نماز ادا کرنے کے لیے ملک بھر میں 20 ہزار 700 مساجد اور مقامات پر انتظامات کیے گئے۔وزارت کی جانب سے 6 ہزار سے زائد مرد و خواتین کو مساجد اور نماز کے مقامات کی نگرانی کی ذمے داری سونپی گئی۔وزارتِ اسلامی امور نے چاند دیکھنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ عیدالفطر 21 اپریل بروز جمعہ ہو گی۔

خادم حرمین شریفین کی امتِ مسلمہ کو مبارکباد

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امتِ مسلمہ کو عید کی مبارک باد دی ہے۔شاہ سلمان کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ عید کا دن خطے میں امن و استحکام اور سکون و اطمینان کی خوشخبری لائے۔خادمِ حرمین شریفین نے کہا کہ عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دعا کی کہ ہر سال عیدالفطر خیر کی خبریں لائے، اللّٰہ تعالیٰ ہم سب کے روزے، تراویح، تہجد اور اچھے کام قبول فرمائے۔

عید الفطر آج جمعہ21 اپریل کو ہونے کے باعث سعودی وزارتِ اسلامی امور نے نمازِ جمعہ کے حکم کے بارے میں وضاحت جاری کی تھی۔

Recommended