Urdu News

عید میلاد نبی کے موقع پر ملک میں روح پرور تقریبات منعقد

عید میلاد نبی کے موقع پر ملک میں روح پرور تقریبات منعقد

ڈوڈہ،9 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)

عید میلاد النبی، کے موقع پر آج ضلع ڈوڈہ کے مختلف مقامات پر سیرتی جلسوں اور محافل کا انعقاد کیا گیا اور ضلع بھر میں مختلف مقامات پر علما و خطبا  نے سیرتِ رسول کے مختلف گوشوں سے عوام الناس کو روشناس کیا۔

اس مناسبت سے  سب سے بڑی تقریب مرکزی جامع مسجد ڈوڈہ کے امام و خطیب خالد نجیب سہروردی کی صدارت میں عید گاہ ڈوڈہ میں منعقد ہوئی جس میں شمعِ رسالت کے ہزاروں پروانے علمائے کرام کے سیرتی خطابات سے مستفید ہوئے اور مختلف نعت خواں حضرات نے نعتیہ کلام سے عاشقانِ رسول کے دلوں کو حرارت بخشی۔

اس سے قبل مرکزی جامع مسجد سے ایک جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید  نے شرکت کی۔یہ جلوس مختلف بازاروں سے ہوتا ہواعید گاہ پہنچااور اس میں شامل لوگ زور دار نعرہ بازی اور نعت خوانی کر رہے تھے اور اسلامی پرچم لہرا رہے تھے۔

عید گاہ میں سب سے پہلے اسلامی پرچم کو سلامی دی گئی جس کے بعد مختلف مقررین جن میں مرکزی جامع مسجد کے امام و خطیب خالد سہروردی،نے 12ربیع الاول کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول کی تاریخ، انسانی تاریخ کا عظیم ترین دن ہے،اسی دن پیغمبر آخر الزماں دنیا میں تشریف لائے۔

مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اس دن سیرت رسول کے پیغام کو عام کریں اور اپنی زندگیوں کو اسوہ  رسول کے مطابق ڈھالنے کا عہد کریں۔مسلمانوں کی ذمہ داری ہے اور عقیدت و محبت رسول کا تقاضا بھی یہی ہے کہ وہ اپنے آپ کو رسول پاک کی تعلیمات کے سانچے میں ڈھالالنے کی کوشش کریں اور ہر موقعہ پراسوہ  رسول کی عملی تفسیر بن کر سامنے آئیں۔

Recommended