Urdu News

غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام آن لائن پروگرام ’ملاقات ایک فنکار سے‘ کا انعقاد

غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام آن لائن پروگرام ’ملاقات ایک فنکار سے

غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام آن لائن پروگرام ’ملاقات ایک فنکار سے‘ کا انعقاد

غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام پروگرام ’ملاقات ایک فنکار سے‘میں معروف اداکارہ اورپروگرام ڈائرکٹر محترمہ صبا زیدی عابدی نے ڈرامہ اور اسٹیج سے متعلق فنی مسائل اور تجربات پر نہایت پر مغز گفتگو کی۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے صبا زیدی عابدی کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ صبا زیدی صاحبہ کا مختصر وقت میں تعارف میرے لیے بہت مشکل ہے۔آپ ہمیشہ نئے مواد کی پیشکش کے لیے فکرمند رہتی ہیں۔ آپ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور نیشنل اسکول آف ڈرامہ سے گریجویشن کے بعد نیشنل براڈکاسٹ دوردرشن میں بطور ڈرامہ ڈائرکٹر اور پروڈیوسر اپنے کیریر کا آغاز کیا۔ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے سبب آپ نے بہت جلدی اپنی شناخت قائم کر لی۔ بہت سارے نیشنل اور انٹر نیشنل انعامات آپ کو عمدہ کار کردگی کے اعتراف میں اب تک پیش کیے جا چکے ہیں۔ ڈرامہ اور فلم کی دنیا میں میں آپ کا نام ایک منفرد شناخت قائم کی ہے۔

 مہمان مقرر صبا زیدی عابدی نے کہا کہ میرے کیریر کا آغاز ایسے وقت میں ہوا جب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں لڑکے اور لڑکیوں کو ایک ساتھ اسٹیج پر کام کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ میرے استاد نے مجھ سے کہا تھا کہ اسٹیج تو دل بہلانے کے لیے کیا جاتا ہے اس کو کیریر بنانا مناسب نہیں ہے تم کو تعلیم پر دھیان دینا چاہیے۔ لیکن میں نے فیصلہ کر کیا تھا کہ مجھے اسی سمت میں کام کرنا ہے۔ میری خوش قسمتی ہے کہ جب میں نے نیشنل اسکول آف ڈرامہ میں داخلہ لیا تو ابراہیم القاضی صاحب ڈائرکٹر تھے وہ بہت فعال شخصیت کے مالک تھے۔ انھوں نے ہماری بنیادی تربیت اتنی اچھی کی کہ وہ ہمیشہ میرے کام آئی۔ اس پروگرام کی نظامت دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر محمد کاظم نے کی انھوں نے کہا کہ غالب انسٹی ٹیوٹ کی ثقافتی شاخ ’ہم سب ڈرامہ گروپ‘ ایک فعال ادارہ ہے اس شاخ کے زیر انتظام بہت سارے ڈرامے اسٹیج کیے جا چکے ہیں۔

 لیکن اس یہ پروگرام ’ملاقات ایک فنکار سے‘ اس لحاظ سے بہت اہم ہے کہ اس کے ذریعے ہم ایسی شخصیات سے ہم کلام ہوتے ہیں جن کو دیکھنا ہی خود میں ایک خوشگوار احساس پیدا کرتا ہے۔ صبا زیدی عابدی صاحبہ نے ہندی سنیما کے بہت مماز ڈائرکٹرس اور ایکٹرس کے ساتھ کام کیا ہے۔ پوری دنیا میں ان کے کام اور ان کی شخصیت کو بطور مثال پیش کیا جاتا ہے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کا یہ پروگرام زوم ایپ اور انسٹی ٹیوٹ کے فیسبک اور یوٹیوب پیج پر نشر ہوا۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے فیسبک اور یو ٹیوب پیج پر یہ پروگرام اب بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

Recommended