Urdu News

سنت روی داس ترغیب کا باعث رہیں گے: نریندر مودی

سنت روی داس جی


سنت روی داس ترغیب کا باعث رہیں گے: نریندر مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نےسنت روی داس کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور اس موقع پر انہیں ایک ایسی ہستی کے طور پر بیان کیا جوایک زمانے تک ملک کیلئے لوگوں کیلئے باعث ترغیب رہے۔

نریندر مودی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سنت روی داس جی نے صدیوں پہلے مساوات ، خیر سگالی اور ہمدردی کے بارے میں جو پیغام دیا وہ زمانے تک ملک کے لوگوں کو ترغیب دینے والا ہے۔ میں ان کے یوم پیدائش پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔

دوسری جانب وزیر اعظم نریندر مودی نے ماگھ پورنیما کے موقع پر ملک کے عوام کو دلی مبارک باد پیش کی۔اپنے ٹویٹ کے ذریعے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ماگھ پورنیما کی سبھی ہم وطنوں کو دلی مبارک باد۔

واضح ہوکہ سنت گرو روی داس جیسے عظیم سنتوں کا تعلق پوری انسانیت سے ہوتا ہے۔ شری گرو روی داس کسی خاص برادری ، ذات یا خطےمیں پیدا ہوئے ہوں، لیکن اُن جیسے سنت ، اِن تمام حدود سےبالا تر ہوتے ہیں ۔سنت کسی خاص ذات ، برادری یا خطے سے تعلق نہیں رکھتے۔ وہ ایسے اقدامات کرتے ہیں ، جو پوری انسانیت کی فلاح کے لیے ہوتے ہیں ۔ سنتوں کا عمل ہر قسم کے امتیاز اور محدود ذہنیت سے بالا تر ہوتا ہے ۔

گرو روی داس جی کے فلسفے اور اقدار جیسے سماجی انصاف ، برابری اور بھائی چارے کو ہماری آئینی اقدارمیں شامل کیا گیا ہے ۔ ہمارے آئین کےمعمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نےگرو روی داس جی کی تعلیمات اور اصولوں کو آئین میں سمو دیا ہے ۔

سنت روی داس جی نے سماج کے کسی بھی طبقے یا  کسی بھی شخص کو  اپنی محبت  اور جذبے کے دائرے  سے باہر نہیں رکھا ۔اگر کسی سنت کو ، کسی خاص برادری تک محدود رکھا جاتا ہے تو یہ شمولیت کے اصول کے منافی ہو گا ، جس کی خود روی داس جی نے  تعلیم دی ہے ۔

اس لیے لوگوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی سوچ اور رویے میں تبدیلی کریں ۔ کوششیں کی جانی چاہئیں کہ اِن جیسی تقریبات میں سماج کے سبھی طبقوں کی شرکت کو یقینی  بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوششیں ملک میں سماجی برابری اور ہم آہنگی کو بڑھانے میں مدد کریں گی ۔

گرو روی داس جی نے ایک ایسے سماج  کا نظریہ پیش کیا ہے ، جو برابری کی بنیادپر ہو اور ہر قسم کے امتیازسے پاک ہو ۔ انہوں نے اِسے ’بے ۔ غم پورہ ’ کا نام دیا ہےیعنی ایسا شہرجہاں کسی خوف یاپریشانی کے لیے کوئی جگہ نہ ہو ۔ ایسامثالی شہر ہر قسم کے خوف ، پریشانی اورغم سے پاک ہو ۔

 برابری اور سبھی کی بھلائی کے نظریے پرمبنی قانون کی بالا دستی ، حکمرانی کا اصول ہو اور صرف ایسےہی لوگ ، جو اس طرح کے شہر کے ویژن کی حمایت کرتے ہیں ، وہ گرو روی داس جی کے سچے ساتھی ہو سکتے ہیں ۔

حقیقت یہ ہے کہ گرو روی داس جی نے’ بے ۔غم پورہ ‘شہر کے طور پر بھارت کا ویژن پیش کیا تھا ۔ وہ اپنے ہم عصر سماج کو تحریک دے رہے تھے  کہ برابری اور انصاف  پر مبنی ملک تعمیر کیا جائے ۔ آج یہ تمام شہریوں کا فرض ہے کہ وہ ایک ایسے سماج اور ملک کی تعمیر کے لیےمل کر کام کریں اور سنت روی داس جی کے سچے عقیدت مند کہلانے کے قابل ہو سکیں ۔

Recommended