جے۔پی۔سعیدؔفاؤنڈیشن مطلع ادب کے تحت پروقارشام نثر
اورنگ آباد۔ ڈاکٹر قاضی نوید کے مکان واقع وزیر منزل،جے۔ پی۔ سعید ٹاور اورنگ آباد میں جے۔پی۔سعیدؔفاؤنڈیشنز”مطلع ادب“کے تحت ایک پر وقارشام نثر ”ایک شام نثر نگاروں کے نام“کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس کی صدارت عالمی شہرت یافتہ فکشن نگار نورالحسنین نے فرمائی۔مستند نقاد و شاعرڈاکٹر ارتکاز افضل اورمشہور شاعر وادیب ایڈوکیٹ اسلم مرزا مہمانان خصوصی کے طور پر شریک تھے۔مہمانان اعزازی کی حیثیت سے معروف ادیب احمد اقبال او ربابائے افسانچہ عظیم راہی نے شرکت کی۔شام نثرکا آغاز قاضی منیب ولد ڈاکٹر قاضی نوید کی تلاوت قرآن سے ہوا۔مطلع ادب کے صدر ڈاکٹر قاضی نوید نے افتتاحی کلمات میں محفل کی غرض و غائیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نئے لکھنے والوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور شہر میں ایک ادبی ماحول پیدا کرنا مطلع ادب کا مقصد ہے۔حاضر محفل تخلیق کاروں میں پہلے احمد اورنگ آبادی نے ’ٹاو‘ر عنوان کے تحت افسانہ سنایا۔یاسر خان نے”دعوت“ عنوان سے اپنا انشائیہ پیش کیا۔ صدیقی صائم الدین نے ”دودھ پاؤڈر“ کے عنوان سے افسانہ پیش کیا۔ڈاکٹر شکیل خان نے ”سبق نمبر دو اردو شاعر“ کے عنوان سے مرزا غالب کو ایک نئے روپ میں پیش کیا۔تحسین احمد خان نے اپنا انشائیہ ”بانگ مرغ“ کے عنوان سے پڑھا۔سلیم احمد ونے ”بنا حرفوں کی تحریر“ عنوان کے تحت اپنا افسانہ پیش کیا۔ابوبکر رہبر نے ”الرجی“ عنوان سے انشائیہ پیش کیا۔معز ہاشمی نے ”نان قلیہ“ عنوان سے انشائیہ پیش کیا۔آخر میں مشاق مزاح نگار سعید خان زیدی نے ”کھڈے“ عنوان سے انشائیہ پیش کیا۔ سبھی تخلیق کاروں نے اپنی بہترین تخلیق سنا کر خوب خوب داد حاصل کی۔اس موقع پر پروفیسر ارتکاز افضل نے مطلع ادب کی محفلوں کی اہمیت بتائی اورمطلع ادب کی کاوشوں کی ستائش کی۔اپنے صدارتی خطاب میں نورالحسنین نے تمام تخلیق کاروں کی تخلیقات پر اظہار خیال کیا اور اس خوبصورت محفل کے انعقاد پر مطلع ادب کے تمام اراکین کو مبارک باد دی۔اس شام نثر کی نظامت کے فرائض قاضی جاوید احمد صدیقی نے بحسن وخوبی انجام دیے۔مطلع ادب کے رکن قاضی ظفر احمد ضلع پریشد سے بحیثیت ایکزیکٹیو انجئنر حسن خدمات سے سبکدوش ہونے کے ضمن میں مطلع ادب، بزم شگفتہ ادب اورعالمگیر ادب کے اراکین نے ان کا استقبال کیا اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مطلع ادب کے صدر ڈاکٹر قاضی نوید کے شکریے پر اس پر وقار محفل کا اختتام ہوا۔
اس محفل میں کے۔ ایم چشتی،ڈاکٹر ادریس محمد فاروقی(عسکری)، فواد صدیقی،اختر خان،غلام قادر،ڈاکٹر شیخ پرویز اسلم،ڈاکٹر سید فیصل احمد،ڈاکٹر اشفاق اقبال،قاضی ظہیر الدین فاروقی،عمران علی بیگ،عاطف خان، سید محمد اظہر الدین(ای ٹی وی اردو)،فیروز خان(دیویہ مراٹھی)،محمد تفہیم الدین راہی،سہیل صدیقی ڈاکٹر زبیر قاضی،ڈاکٹرقاضی عاصم کے علاوہ ادب نواز حضرات موجود تھے۔